دنیا
Time 03 اگست ، 2022

نیویارک میں گندے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف

فوٹوـفائل
فوٹوـفائل

امریکی شہر نیویارک کے گندے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق گزشتہ ماہ امریکا میں تقریباً ایک دہائی بعد پولیو کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔

تاہم اب امریکی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ جولائی میں پولیو کا کیس سامنے آنے سے ایک ماہ قبل نیو یارک کے مضافاتی علاقے کے گندے پانی میں پولیو وائرس موجود تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ 2013 کے بعد امریکا میں پہلے پولیو کیس سامنے آنے کے بعد  کسی نئے کیس کی نشاندہی نہیں ہوئی ہے اور یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ آیا یہ وائرس  پھیل رہا ہے یا نہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل برطانیہ میں نکاسی آب کی معمول کی نگرانی کے دوران مشرقی اور شمالی لندن میں ویکسین میں پائے جانے والے کمزور مگر زندہ پولیو وائرس کو دریافت کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے جمع کیے جانے والے نمونوں میں یہ وائرس موجود پایا گیا۔

 پولیو کا کوئی علاج نہیں ہے لیکن اسے ویکسین کے ذریعے روکا جا سکتا ہے۔ یہ زیادہ تر بچوں کو متاثر کرتا ہے جو  پٹھوں کی کمزوری اور فالج  جبکہ انتہائی سنگین صورتوں میں مستقل معذوری اور موت کا سبب بنتا ہے۔

مزید خبریں :