دنیا
Time 05 اگست ، 2022

روس، امریکا کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے پر بات چیت کے لیے رضامند

امریکا کی جانب سے برٹنی گرائنر کے بدلے روس کو ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے الزام میں امریکی جیل میں قید روسی شہری وکٹر باؤٹ کے تبادلے کی تجویز پیش کی گئی تھی — فوٹو: رائٹرز
امریکا کی جانب سے برٹنی گرائنر کے بدلے روس کو ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے الزام میں امریکی جیل میں قید روسی شہری وکٹر باؤٹ کے تبادلے کی تجویز پیش کی گئی تھی — فوٹو: رائٹرز

روس نے کہا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔

امریکی خاتون باسکٹ بال کھلاڑی برٹنی گرائنر کو روسی عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد روس نے امریکا کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے پر بات چیت کے لیے رضامندی ظاہر کر دی ہے۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ صدر ولادیمیر پیوٹن اور امریکی صدر کے درمیان پہلے ہی قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے سنجیدہ سفارتی سطح کی بات چیت پر رضامندی ظاہر کی گئی تھی۔

کمبوڈیا کے دورے کے دوران روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم اس اہم معاملے پر امریکا کے ساتھ بات چیت پر تیار ہیں لیکن بات چیت اسی طریقہ کار کے تحت ہوگی جو دونوں ممالک کے صدور کے درمیان  پہلے ہی طے پایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ  اب بھی امریکی اگر عوامی سفارتکاری کا راستہ اختیار کرتے ہیں تو یہ ان کا مسئلہ ہے، ہمارہ اس سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔

امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلکن نے کہا کہ واشنگٹن، روس کے ساتھ طے شدہ سفارتی طریقہ کار کے تحت بات چیت کے لیے تیار ہے، انہوں نے کہا کہ برٹنی گرائنر کو روس کی جانب سے ناجائز طریقے سے قید کیا گیا اور اس مقدمے میں ان کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب روس کی جانب سے قیدیوں کے تبادلے پر بات چیت کے حوالے سے رازداری پر زور دیا جا رہا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اگر یہ معاملہ میڈیا پر آتا ہے تو کبھی بات چیت  آگے نہیں بڑھ پائے گی۔

وائیٹ ہاؤس کے نیشنل سکیورٹی ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ گرائنر کی سزا کے بعد امریکا کی جانب سے روس کو بات چیت کے لیے ایک سنجیدہ تجویز پیش کی ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ روس کو  یہ  تجویز پہلے ہی قبول کر لینی چاہیے تھی۔

امریکا اور  روس کے درمیان اس سے قبل روسی جیل میں قید سابق امریکی بحریہ کے افسر ٹریور ریڈ اور امریکی جیل میں قید روسی پائلٹ کونسٹانٹن یروشینکو کے تبادلے کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی۔

جبکہ ذرائع کے مطابق امریکا کی جانب سے برٹنی گرائنر کے بدلے روس کو ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے الزام میں امریکی جیل میں قید روسی شہری وکٹر باؤٹ کے تبادلے کی تجویز پیش کی گئی تھی۔

خیال رہے کہ امریکی خاتون باسکٹ بال کھلاڑی برٹنی گرائنر کو روسی حدود میں غیرقانونی منشیات ساتھ لانے کے الزام میں رواں برس فروری میں گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد روسی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر انہیں 9 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

مزید خبریں :