دنیا
Time 11 اگست ، 2022

بھارتی پولیس اہلکار غیر معیاری کھانے پر دہائیاں دیتے رو پڑا

وائرل ویڈیو میں کانسٹیبل منوج کمار کو ہاتھ میں کھانے کی پلیٹ لیے زارو قطار روتے دیکھا جاسکتا ہے جس میں سوکھی روٹیاں اور دال دیکھی جاسکتی ہے/ اسکرین گریب
وائرل ویڈیو میں کانسٹیبل منوج کمار کو ہاتھ میں کھانے کی پلیٹ لیے زارو قطار روتے دیکھا جاسکتا ہے جس میں سوکھی روٹیاں اور دال دیکھی جاسکتی ہے/ اسکرین گریب

بھارتی پولیس اہلکار اپنے محکمے کی جانب سے ملنے والے کھانے پر زارو قطار  روپڑا   جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔

سوشل میڈیا پر بھارتی پولیس اہلکار منوج کمار کی ایک ویڈیو وائرل  ہورہی  ہے جس میں اسے ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو دیے جانے والے کھانے پر دہائیاں دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔

وائرل ویڈیو میں کانسٹیبل  منوج کمار کو ہاتھ میں کھانے کی پلیٹ لیے زارو قطار روتے دیکھا جاسکتا ہے جس میں سوکھی روٹیاں اور دال دیکھی جاسکتی ہے۔

 منوج  کمار کا کہنا  تھاکہ’  اسے دیے جانے والے کھانے کا معیار اتنا خراب ہے کہ اسے  کتے بھی نہیں کھاسکتے جس کی شکایت  اس نے اعلیٰ حکام سے بھی کی لیکن اس کی دہائی سننے والا کوئی نہیں بلکہ اس کے برعکس اس پر دباؤ ڈالا گیا‘۔

وائرل ویڈیو میں بھارتی پولیس اہلکار نے کہا کہ جب اس معاملے کی شکایت ڈی جی پی سے کرنے کی کوشش کی گئی تو ان کے پی ایس او نے انہیں فون کاٹنے کا مشورہ دیا بصورت دیگر نوکری سے نکالنے کی دھمکی دی گئی ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق   منوج کمار 2018 میں پولیس کانسٹیبل  بھرتی  ہوا اور اس کا تعلق علی گڑھ سے ہے۔

دوسری جانب  ریزرو پولیس لائنز کے حکام نے  غلطی تسلیم کرنے کے بجائے منوج کمار کی ویڈیو کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ منوج طلاق کے بعد پریشان ہیں۔

تاہم ویڈیو وائرل ہونے کے بعد  فیروز آباد پولیس نے  کھانے کے معیار کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

مزید خبریں :