دنیا
Time 12 اگست ، 2022

سام سنگ کے وائس چیئرمین کے لیے صدارتی معافی کا اعلان

جے وائی لی / رائٹرز فوٹو
جے وائی لی / رائٹرز فوٹو

ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ کے وائس چیئرمین جے وائی لی کو صدارتی معافی دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

جنوبی کوریا کی وزارت انصاف نے بتایا کہ جے وائی لی کو 15 اگست کو صدارتی معافی دی جائے گی۔

اس کے بعد جے وائی لی کے لیے کمپنی کو سنبھالنے کا راستہ کھل جائے گا۔

جے وائی لی کو 2021 میں رشوت ستانی کے الزامات کے تحت 30 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

اس سے قبل 2017 میں عدالت نے جے وائی لی کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے 5 سال کی سزا سنائی تھی لیکن 2019 میں جنوبی کوریا کی سپریم کورٹ نے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ایک نئے مقدمے کی سماعت کا حکم دیا جس کا فیصلہ گزشتہ سال سامنے آیا تھا۔

جے وائی لی کو 2017 میں اس وقت کے صدر کے ساتھ رشوت، کرپشن اور دھوکا دہی کے الزامات میں سزا سنائی گئی تھی جبکہ کرپشن الزامات اور حکومتی راز افشا کرنے پر سابق خاتون صدر کو بھی 24 برس کی سزا سنائی گئی تھی۔

عدالتی فیصلے میں جے وائی لی کو 5 سال تک کمپنی کے لیے کام کرنے سے روک دیا گیا تھا جبکہ بیرون ملک سفر کی محدود اجازت دی گئی تھی۔

مگر صدارتی معافی کے بعد 54 سالہ جے وائی لی کا مجرمانہ ریکارڈ ختم ہو جائے گا اور کمپنی کے امور سنبھالنا بھی ممکن ہو جائے گا۔

ایک حکومتی عہدیدار کے مطابق کاروباری افراد کو دی جانے والی خصوصی معافی سے ملکی معاشی بحران سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

اس حوالے سے جے وائی لی نے ایک بیان میں کہا کہ نئے آغاز کا موقع فراہم کرنے پر شکریہ، اب ہم معاشرے کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

مزید خبریں :