بنی گالہ پر چھاپے ماریں گے تو جاتی امرا اور لیگی قیادت کے گھر بھی دور نہیں: فواد چوہدری

شہباز شریف الیکشن کا اعلان کریں تو فریم ورک پر بات کر سکتے ہیں: رہنما پاکستان تحریک انصاف۔ اسکرین گریب
شہباز شریف الیکشن کا اعلان کریں تو فریم ورک پر بات کر سکتے ہیں: رہنما پاکستان تحریک انصاف۔ اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے وفاقی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر  بنی گالہ پر چھاپے مارے تو جاتی امرا اور  ن لیگ کی قیادت کے گھر بھی دور نہیں ہیں۔

لاہور  میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا وزیر داخلہ رانا ثنااللہ اور دیگر کے خلاف تفتیش شروع کر دی گئی ہے، رانا ثنا اللہ اور عطا تارڑ کو کس چیز کا خوف ہے، آئیں اور خود کو قانون کے سامنے پیش کریں۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا اگر یہ بنی گالہ پر چھاپے ماریں گے تو جاتی امرا اور ن لیگ کی قیادت کے گھر بھی دور نہیں ہیں، ہم اسٹریٹ موومنٹ شروع کریں تو 5 دن یہ حکومت نہیں چل سکتی۔

شہباز گل سے متعلق سوال پر فواد چوہدری کا کہنا تھا شہباز گل پر بہت پریشر ڈالا گیا کہ وہ کہیں کہ انہوں نے بیان عمران خان کے کہنے پر دیا ہے لیکن شہباز گل نے کل مجسٹریٹ کے سامنے بیان دیا کہ انھوں نے وہ بیان خود دیا تھا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کوئی میٹنگ ہوئی نہ کوئی بیان ہوا، رانا ثنااللہ کو قصے کہانیاں گھڑنے کا شوق ہے۔

ملک میں جلد انتخابات سے متعلق سوال پر رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا شہباز شریف الیکشن کا اعلان کریں تو فریم ورک پر بات کر سکتے ہیں، حکومت کا مطالبہ ہوگا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومت ختم کر دیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ہم سے دو صوبوں کی حکومتیں ختم کرنے کا کہا گیا تو ہم سندھ حکومت کے خاتمے کی بات کریں گے۔

ان کا کہنا تھا صوبائی حکومتیں ختم کرنے کی باتیں الیکشن فریم ورک ہیں، پہلے الیکشن کا اعلان تو کریں پھر اس معاملے پر بھی بات ہو سکتی ہے۔

مزید خبریں :