دنیا
Time 13 اگست ، 2022

بھارتی خدشات کے باوجود چینی بحری جہاز کو سری لنکن بندرگاہ میں لنگر انداز ہونے کی اجازت

یووان وانگ 5 کو بین الاقوامی شپنگ اور اینالیٹیکل سائیٹز کا سروے کرنے والا ریسرچ ویسل سمجھا جاتا ہے تاہم بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چین اس جہاز کا دوہرا استعمال کرتے ہوئے اسے جاسوسی کیلئے بھی استعمال کرتا ہے/ فوٹو: فائل
یووان وانگ 5 کو بین الاقوامی شپنگ اور اینالیٹیکل سائیٹز کا سروے کرنے والا ریسرچ ویسل سمجھا جاتا ہے تاہم بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چین اس جہاز کا دوہرا استعمال کرتے ہوئے اسے جاسوسی کیلئے بھی استعمال کرتا ہے/ فوٹو: فائل

سری لنکا  نے متنازعہ چینی بحری جہاز کو بھارتی خدشات کے باوجود اپنے ملک میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔

یووان وانگ 5 کو بین الاقوامی شپنگ اور اینالیٹیکل سائیٹز کا سروے  کرنے والا  ریسرچ ویسل سمجھا جاتا ہے تاہم بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ چین اس جہاز کا دوہرا استعمال کرتے ہوئے اسے جاسوسی کیلئے بھی استعمال کرتا ہے۔

چینی بحری جہاز کے حوالے سے بھارت کو خدشہ ہے کہ چینی جہاز بھارت میں فوجی تنصیبات کی جاسوسی کر سکتا ہے جبکہ بھارت، سری لنکا کے رستے بحر الہند میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر رسوخ کو بھی شک کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یووان وانگ 5 بین الاقوامی بیلسٹک میزائل لانچ کی فضائی اور سیٹلائیٹ ٹریکنگ کیلئے مقرر کیا جا سکتا ہے، بھارتی حکومت نے اس حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کولمبو کو اپنی شکایت پہنچا دی ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال پر کڑی نظر رکھیں ہوئے ہیں،  ملکی سلامتی یا معاشی مفادات کے خلاف کوئی اقدام برداشت نہیں کیا جائے گا، بھارت کی جانب سے اپنے دفاع میں تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

دوسری جانب سری لنکن وزارت خارجہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا کی جانب سے جہاز کے داخلے کے حوالے سے اجازت نامے میں توسیع کر دی گئی ہے، اس سے قبل 12 جولائی کو سابق صدر کے ملک سے فرار ہونے سے ایک روز قبل اجازت نامہ جاری کیا گیا تھا۔

سری لنکن پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ چینی بحری جہاز گذشتہ شب سری لنکن پورٹ سے ایک ہزار کلومیٹر دوری پر تھا جو  اب آہستہ آہستہ ہمبنٹوٹا بندرگاہ کی جانب بڑھ رہا ہے۔

خیال رہے کہ مذکورہ بندرگاہ سری لنکا کی جانب سے 1.12 ارب ڈالرز کے عیوض 99 سال کیلئے چین کو لیز کی گئی ہے۔ 

مزید خبریں :