موٹروے پر بس کو حادثہ کیسے پیش آیا؟ زخمی مسافروں کی گفتگو

حادثے کے بعد میں نے بس سے کود کر جان بچائی، میرے خیال میں ڈرائیور سو گیا تھا جس کے باعث حادثہ ہوا: مسافر کا بیان/ فوٹو سوشل  میڈیا
حادثے کے بعد میں نے بس سے کود کر جان بچائی، میرے خیال میں ڈرائیور سو گیا تھا جس کے باعث حادثہ ہوا: مسافر کا بیان/ فوٹو سوشل  میڈیا

ملتان : موٹر وے ایم 5  پر بس اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ بس میں سوار زخمی مسافروں نے حادثے سے متعلق  گفتگو کی۔

جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے زخمی  مسافر عرفان نے بتایا کہ حادثے کے بعد میں نے بس سے کود کر جان بچائی، میرے خیال میں ڈرائیور سو گیا تھا جس کے باعث حادثہ ہوا۔

مسافر نے مزید  بتایا  کہ ٹینکر سے تصادم کے بعد  بس کو جھٹکا لگا تو  ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی جس کے بعد میں نے  ونڈ اسکرین سے چھلانگ لگائی اور بھائی کو بھی کہا یہاں سے نکلو، اس کے 5 منٹ کے بعد زوردار دھماکا ہوا اور سب کچھ جل گیا۔

دوسری جانب  بس میں سوار  ایک اور زخمی مسافر رئیس  نے بتایا کہ مسافرسوئے ہوئے تھے، ایک دم بس کے ٹکرانے کی آواز آئی جس سے بس کے شیشے ٹوٹ گئے،کنڈیکٹر کو کہا دروازہ کھولو لیکن دروازہ نہ کھل سکا، ڈرائیور کو آواز دی مگر اس کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔

زخمی مسافر  نے کہا کہ اس کے بعد میں نے بھی ونڈ اسکرین سے باہر چھلانگ لگائی، سڑک پر بہت ڈیزل تھا چلا بھی نہیں جا رہا تھا، چل کر سڑک پر کچھ آگے گیا تو پھر زور دار دھماکا ہوگیا۔

واضح رہے کہ  موٹروے ایم 5 پر بہاولپور کے قریب لاہور سے کراچی آنے والی سلیپر بس اور  آئل ٹینکر میں تصادم کے بعد آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں بری طرح جل گئیں جب کہ حادثے میں 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔

مزید خبریں :