کھیل
Time 17 اگست ، 2022

ویڈیو: پاکستان کی جیت کا خواہش مند بھارتی شہری جرمنی سے نیدرلینڈز آگیا

روٹرڈیم میں نیدرلینڈز کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کے بھارتی سپورٹرز سامنے آئے جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر زیر گردش ہیں۔

 ویڈیو میں ایک سنگھ بلدیو نامی بھارتی مداح نے کہا کہ’میں جرمنی سےنیدر لینڈز آیا ہوں، میں انڈین ہوں اور یہاں پاکستان کو سپورٹ کرنے کے لیے آیا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’وہ زندگی میں پہلی بار  جرمنی سے کوئی میچ لائیو دیکھنے آئے ہیں اور انہیں بہت اچھا لگ رہا ہے‘۔

سنگھ بلدیو سے سوال کیا گیا کہ ’ٹی وی اور سوشل میڈیا پر تو صرف اس طرح کی باتیں سامنے آتی ہیں کہ پاکستانی اور بھارتی کبھی ایک نہیں ہوسکتے تو آپ کس جذبے سے یہاں میچ دیکھنے آئے ہیں؟‘

جواب میں انہوں نے کہا  ’ایسا صرف سوشل میڈیا پر ہی ہوتا ہے، دونوں ممالک میں رہنے والوں کے دل ایک ہیں، ہم سب بھائی بھائی ہیں ‘۔

سنگھ بلدیو نے مزید کہا کہ’پاکستان کے سب ہی کھلاڑی میرے پسندیدہ ہیں اور  آج شاہین آفریدی نہیں ہیں تو انہیں ہم یاد کررہے ہیں'۔

انہوں نے خواہش کااظہار کیا کہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان سیریز بھی ہونی چاہیے۔

سنگھ بلدیو نے ایشیا کپ 2022 کے دوران ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے کو ’ہائی وولٹیج میچ‘ قرار دیا اور کہا ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے میں اس ٹیم کی حمایت کروں گا جو اچھا کھیلے گا‘۔

مزید خبریں :