این اے 118ضمنی انتخاب : عمران خان کےکاغذات نامزدگی منظور ہوگئے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ننکانہ صاحب: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118 میں ضمنی انتخاب کے لیے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔

این اے 118میں ریٹرننگ افسر نے عمران خان کےکاغذات نامزدگی پر اعتراضات مسترد کردیے۔

خیال رہےکہ مسلم لیگ ن کی ڈاکٹر شذرہ منصب نے عمران خان کےکاغذات کے خلاف اعتراضات جمع کروائے تھے۔

این اے 118 سے مسلم لیگ ن کی امیدوار ڈاکٹر شذرہ منصب کا میڈیاسےگفتگو میں کہنا تھا کہ عمران خان کا استعفیٰ ابھی تک قبول نہیں ہوا، موجودہ رکن قومی اسمبلی کسی اور حلقے سے کیسے الیکشن لڑ سکتا ہے؟

خیال رہےکہ پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق پولنگ 25ستمبر کو ہوگی۔

عمران خان نے بیک وقت مردان، چارسدہ، پشاور، کرم، فیصل آباد، ننکانہ، ملیر، کورنگی اور کراچی ساؤتھ میں ضمنی انتخابات میں میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی جانب سے کاغذات نامزدگی بھی جمع کروادیےگئے ہیں۔