موبائل فون انٹرنیٹ اسپیڈ میں پاکستان خطے میں سب سے آگے

پاکستان اس معاملے میں خطے کے ممالک سے آگے ہے / فوٹو بشکریہ سی نیٹ
پاکستان اس معاملے میں خطے کے ممالک سے آگے ہے / فوٹو بشکریہ سی نیٹ

موبائل فون انٹرنیٹ اسپیڈ میں پاکستان نے ایک بار پھر بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

دنیا بھر میں انٹرنیٹ اسپیڈ کی میپنگ کرنے والے ادارے اوکلا (Ookla) نے  مختلف ممالک میں جولائی کے دوران موبائل اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ اسپیڈ کی فہرست جاری کی ہے۔

فہرست کے مطابق متحدہ عرب امارات، قطر اور جنوبی کوریا ایسے ممالک ہیں جہاں موبائل فون پر انٹرنیٹ استعمال کرنے کا صحیح مزہ آتا ہے۔

موبائل انٹرنیٹ کی فہرست میں متحدہ عرب امارات 120.35 ایم بی پی ایس کی اوسط ڈاؤن لوڈ اور 21.07 ایم بی پی ایس کی اوسط اپ لوڈ اسپیڈ کے ساتھ سرفہرست ہے۔

دوسرے نمبر پر قطر ہے جہاں موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار 117.43 ایم بی پی ایس ہے۔

جنوبی کوریا ایک درجے بہتری سے تیسرے نمبر پر پہنچ گیا جہاں موبائل انٹرنیٹ کی اوسط رفتار 109.65 ایم بی پی ایس ہے۔

پاکستان 139 ممالک کی اس فہرست میں 2 درجے بہتری کے بعد 114 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔

پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ ڈاؤن لوڈنگ کی اوسط رفتار 14.33 ایم بی پی ایس اور اپ لوڈ رفتار 8.60 ایم بی پی ایس ہے۔

پاکستان اس معاملے میں خطے کے دیگر ممالک جیسے نیپال، بنگلہ دیش اور بھارت سے آگے ہے، نیپال اس فہرست میں 115 ویں، بھارت 117 ویں نمبر، سری لنکا 125 ویں جبکہ بنگلہ دیش 130 ویں نمبر پر ہے۔

دوسری جانب براڈ بینڈ انٹرنیٹ اسپیڈ میں لاطینی امریکی ملک چلی سرفہرست ہے۔

چلی میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی اوسط رفتار 212.98 ایم بی پی ایس ہے جبکہ سنگاپور 211.36 ایم بی پی ایس کے ساتھ دوسرے اور تھائی لینڈ 189.14 ایم بی پی ایس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

182 ممالک کی اس فہرست میں پاکستان 9.82 ایم بی پی ایس براڈ بینڈ اسپیڈ کے ساتھ 153 ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ بھارت 48.03 ایم بی پی ایس کے ساتھ 70 ویں نمبر پر ہے۔

دنیا بھر میں جولائی کے دوران موبائل انٹرنیٹ ڈاؤن لوڈنگ رفتار اوسطاً 30.78 ایم بی پی ایس اور اپ لوڈنگ اسپیڈ 8.55 ایم بی پی ایس رہی، اس کے مقابلے میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ میں عالمی سطح پر ڈاؤن لوڈنگ کی اوسط رفتار 66.25 ایم بی پی ایس اور اپ لوڈنگ اوسط اسپیڈ 28.50 ایم بی پی ایس رہی۔

مزید خبریں :