آڈیو لیکس سے پی ٹی آئی کا ملک دشمن بیانیہ کھل کر سامنے آگیا،لیگی رہنما خواجہ عمران

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

پاکستان مسلم لیگ ن کے ایم پی اے خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ آڈیو لیکس سے پی ٹی آئی کا ملک دشمن بیانیہ کھل کر سامنے آگیا،شوکت ترین کی پاکستان مخالف حرکت کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ قوم پی ٹی آئی سے آڈیو لیک کا حساب مانگے گی،لاڈلے پر پابندی چند دنوں میں ہٹ جاتی ہے جبکہ نواز شریف پر کئی سالوں سے پابندی عائد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہبازشریف اپنی سیاست قربان کر کے ملک بچا رہے ہیں جبکہ عمران نیازی اور اس کے حواریوں کی کوشش ہے کہ پاکستان سری لنکا بن جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں،مریم نواز بھی متاثرہ علاقے میں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز  پی ٹی آئی کا آئی ایم ایف ڈیل ناکام بنانے کی سازش کا بھانڈا پھوٹ گیا جس میں شوکت ترین کی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے خزانہ سے ٹیلی فونک بات چیت منظر عام پر آئی۔

شوکت ترین نے محسن لغاری کو کہا کہ یہ جو آئی ایم ایف کو 750 ارب کی کمٹمنٹ دی ہے آپ سب نے سائن کیا ہے، آپ نے اب کہنا ہے کہ ہم نے جو کمٹمنٹ دی تھی وہ سیلاب سے پہلے دی تھی، آپ نے اب کہنا ہے کہ اب سیلاب کی وجہ سے ہمیں بہت پیسا خرچ کرنا پڑےگا، آپ نے اب یہ لکھنا ہے کہ اب ہم یہ کمٹمنٹ پوری نہیں کرپائیں گے، یہی لکھنا ہے آپ نے اور کچھ نہیں کرنا۔

شوکت ترین کے کہنے پر محسن لغاری نے جی بالکل کہہ کر جواب دیا۔

مزید خبریں :