اروشی نے بھارتی کرکٹر رشبھ پنٹ سے معافی مانگ لی

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

بالی وڈ اداکارہ اروشی روٹیلا اور بھارتی کرکٹر رشبھ پنٹ کے درمیان گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر لفظی جنگ جاری تھی تاہم اب اروشی نے رشبھ پنٹ سے معافی مانگ لی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر اروشی کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ حالیہ تنازعہ کے درمیان رشبھ پنٹ سے معافی مانگتے ہوئے نظر آئیں۔

ویڈیو میں دیکھا گیا کہ جب ایک رپورٹر نے  اروشی سے بولا کہ میرے ذریعے آپ رشبھ پنٹ تک اپنا کوئی پیغام پہنچانا چاہتی ہیں تو بول دیں، جس پر بھارتی اداکارہ نے ہاتھ جوڑتے ہوئے کہا کہ میں یہ بولوں گی کہ 'I'm sorry'۔

 اروشی روٹیلا اور رشبھ پنٹ کا معاملہ کیا تھا؟

گزشتہ ماہ ایک انٹرویو میں اروشی نے بظاہر رشبھ پنٹ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایک شخص جس کا نام 'RP' ہے نے مجھ سے ملنے کیلئے ہوٹل میں کئی گھنٹے انتظار کیا۔

اداکارہ نے کہا کہ میں ایک بار نئی دہلی میں شوٹنگ کررہی تھی تو مجھے تیار ہونے میں وقت لگا ، مسٹر 'RP' مجھ سے ہوٹل کی لابی میں ملنے آئے لیکن تقریباً 10 گھنٹے گزر جانے کے بعد میں اپنے کمرے میں جاکر سو گئی، میں نے کوئی فون کالز نہیں اٹھائی ، جب میں اٹھی تو 16 کالز آئی ہوئی تھیں، مجھے کافی برا لگا کہ کسی کو مجھ سے ملنے کے لیے اتنا انتظار کرنا پڑا۔

اروشی نے بتایا کہ پھر میں نے اس شخص سے کہا کہ جب تم ممبئی آؤ گے تب ملاقات کریں گے۔ تاہم پھر ہم ممبئی میں ملے۔

انٹرویو وائرل ہونے کے بعد بھارتی کرکٹر نے  انسٹاگرام پر ایک اسٹوری لگائی جسے انہوں نے بعد میں ہٹا دیا تھا۔

رشبھ پنٹ نے اپنی اسٹوری میں بظاہر اروشی روٹیلا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'لوگ کیسے خبروں میں رہنے اور سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے انٹرویوز میں جھوٹ بولتے ہیں، میرا پیچھا چھوڑ دو بہن'۔

بعد ازاں اروشی روٹیلا نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے بظاہر رشبھ پنٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ' چھوٹے بھائی آپ کو کرکٹ کھیلنا چاہیے،میں کوئی مُنی نہیں ہوں جو ڈارلنگ تیرے لیے بدنام ہوجاؤں گی۔

واضح رہے کہ ایک بار اروشی روٹیلا نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ اور رشبھ پنٹ ایک دوسرے کو ڈیٹ کررہے ہیں تاہم بھارتی کرکٹر نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اداکارہ کو سوشل میڈیا پر بلاک کردیا تھا۔

مزید خبریں :