دنیا میں درختوں کا خاتمہ تیزی سے ہونا انسانیت کیلئے تباہ کن ہے، تحقیق

یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

سائنسدانوں نے کہا کہ زمین پر درختوں کی مختلف اقسام کا خاتمہ بہت زیادہ تیز رفتاری سے ہورہا ہے اور انسانیت کو اس پر فکرمند ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں درختوں کی مختلف اقسام معدوم  ہورہی ہیں جو کہ دہائیوں پرانا مسئلہ ہے، مگر اب یہ زیادہ بدتر ہوگیا ہے۔

درخت زمین کے مختلف نظاموں کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اس نئی تحقیق میں انتباہ کیا گیا کہ زمین پر درختوں کی تعداد میں کمی بدترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔

جریدے نیچر میں شائع تحقیق کے لیے 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے سائنسدان اکٹھے ہوئے تھے۔

تحقیق میں درختوں کی اقسام سے محرومی کے مختلف اثرات کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔

سائنسدانوں نے بتایا کہ درختوں سے محرومی سے صرف مقامی ماحول ہی متاثر نہیں ہوتا بلکہ لوگوں کا روزگار، معیشت اور خوراک سب پہلوؤں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر کے 50 فیصد پودے اور جانور اپنی رہائش کے لیے درختوں پر انحصار کرتے ہیں، مگر انسانوں کی جانب سے ترقی کے نام پر درختوں کا صفایا کیا جارہا ہے۔

سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ درختوں کی مخصوص اقسام ختم ہونا دنیا کے لیے مشکلات بڑھا دے گا، کیونکہ یہ درخت پانی، کاربن اور دیگر اہم اجزا کی ری سائیکلنگ میں اہم ترین کردار ادا کرتے ہیں۔

مزید خبریں :