دنیا
Time 14 ستمبر ، 2022

رواں سال دبئی میں رہنے والے لکھ پتی افراد میں 18 فیصد کا اضافہ ریکارڈ

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

ایک نئی رپورٹ کے مطابق 2022 کے پہلے 6 مہینوں میں دولت مند افراد میں 18 فیصد اضافے کے بعد دبئی سب سے زیادہ لکھ پتی رہائش  پذیر افراد والے شہروں کی فہرست میں 23 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

نیو ورلڈ ویلتھ کمپنی جو کہ عالمی سطح امیر افراد کی  دولت اور نقل و حرکت پر نظر رکھتی ہے کی تحقیق کے مطابق دبئی میں رہنے والے لکھ پتی افراد کی  آبادی گزشتہ سال جون سے 54 ہزار سے بڑھ کر67 ہزار900 ہوگئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دبئی میں ارب پتیوں کی تعداد 2022 میں ایک سے بڑھ کر 13 ہو گئی جبکہ شہر میں کروڑ پتی افراد کی آبادی گزشتہ سال 165 سے بڑھ کر 202 ہو گئی۔

مشرق وسطیٰ میں دبئی ان شہروں میں پہلے نمبر پر ہے جہاں سب سے زیادہ لکھ پتی افراد رہتے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ لکھ پتی افراد امریکا کے شہروں میں رہتے ہیں۔

بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں ہینلے اینڈ پارٹنرز گروپ کے حوالے سے بتایا گیا کہ لکھ پتی افراد کی رہائش کے حوالے سے سرفہرست 10 شہروں میں سے 5 امریکا کے ہیں۔

مجموعی طور پر نیویارک وہ شہر ہے جہاں دنیا میں سب سے زیادہ لکھ پتی افراد رہائش پذیر ہیں۔

اس فہرست میں ٹوکیو دوسرے، سان فرانسسکو تیسرے، لندن چوتھے، سنگاپور 5 ویں، لاس اینجلس اور Malibu مشترکہ طور پر چھٹے، شکاگو 7 ویں، ہیوسٹن 8 ویں، بیجنگ 9 ویں اور شنگھائی 10 ویں نمبر پر رہے۔

مزید خبریں :