سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وقت گزارنے کا یہ نقصان جانتے ہیں؟

یہ دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا / فائل فوٹو
یہ دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا / فائل فوٹو

دن بھر میں سوشل میڈیا پر گزارے جانے والے وقت میں سے صرف 30 منٹ جسمانی سرگرمیوں کے لیے وقف کرنا دماغی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے۔

یہ بات جرمنی میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آئی۔

Ruhr-Universitätt کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اسکرین کے سامنے بہت زیادہ وقت گزارنا مختلف ذہنی مسائل کا باعث بنتا ہے۔

تحقیق میں سوشل میڈیا پر گزارے جانے والے وقت کو کم کرکے جسمانی سرگرمیوں کو بڑھانے سے دماغ پر مرتب اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج سے عندیہ ملا کہ جسمانی سرگرمیوں میں اضافے سے لوگوں میں خوشی کا احساس بڑھتا ہے جبکہ وہ تمباکو نوشی بھی کم کرنے لگتے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وقت گزارنا سماجی تعلقات کو کمزور کرنے کا باعث بنتا ہے جس سے دماغی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وقت گزارنے سے ذہنی امراض کی شدت بڑھ سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جسمانی سرگرمیوں سے دماغی نیورو ٹرانسمیٹرز کی تعداد بڑھتی ہے جس سے انزائٹی کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جسمانی سرگرمیوں سے دماغی صحت بہتر ہوتی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر زیادہ وقت گزارنے سے دماغ کی صحت مند کیمسٹری پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اس تحقیق میں 642 صحت مند بالغ افراد کو شامل کیا گیا تھا اور انہیں 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

ایک گروپ سوشل میڈیا استعمال کرنے والے افراد کا تھا، دوسرا جسمانی سرگرمیوں والے افراد پر مبنی تھا، ایک گروپ ایسا تھا جس میں سوشل میڈیا اور ورزش کرنے والے افراد شامل تھے جبکہ 160 افراد کو کنٹرول گروپ کے طور پر رکھا گیا تھا۔

2 ہفتوں کے تجربات کے دوران سوشل میڈیا پر زیادہ وقت گزارنے والے افراد کے آن لائن وقت کو 30 منٹ کم کیا گیا جبکہ جسمانی سرگرمیوں والے گروپ کو زیادہ ورزش کرنے کا کہا گیا، تیسرے گروپ پر دونوں طریقوں کا اطلاق کیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جسمانی سرگرمیوں میں اضافے سے لوگوں کی ذہنی صحت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوئے۔

یہاں تک کہ 6 ماہ بعد بھی یہ اثرات برقرار رہے۔

محققین کے مطابق تینوں گروپس میں 6 ماہ بعد جسمانی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ آن لائن سرگرمیوں کو کم کرکے جسمانی طور پر متحرک طرز زندگی کو اپنایا جائے تاکہ جسم اور ذہن دونوں کی صحت اچھی ہوسکے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل آف پبلک ہیلتھ میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :