CC اور BCC کن الفاظ کا مخفف ہے اور ان کا مقصد کیا ہوتا ہے؟

کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ کن الفاظ کے مخفف ہیں / فائل فوٹو
کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ کن الفاظ کے مخفف ہیں / فائل فوٹو

ایسے افراد جو دن بھر میں متعدد ای میلز بھیجتے یا موصول کرتے ہیں وہ 'سی سی' اور 'بی سی سی' کی اصطلاحات سے واقف ہوں گے۔

اگر آپ کو یہ علم نہیں کہ سی سی اور بی سی سی کن الفاظ کا مخفف ہے تو اس بارے میں جاننا کافی دلچسپ ہوگا۔

سی سی اور بی سی سی کن الفاظ کے مخفف ہیں؟

ویسے سی سی جس لفظ کا مخفف ہے اس کا علم اکثر افراد کو ہوتا ہے اور وہ ہے کاربن کاپی۔

جہاں تک کاربن کاپی کی تاریخ کی بات ہے تو 19 ویں صدی میں لوگ ٹائپ رائٹر میں کاغذوں کی شیٹ کے درمیان ایک خصوصی کاربن پیپر رکھتے تھے جس سے انہیں کسی دستاویز کی نقل بنانے کی سہولت حاصل ہوتی تھی اور بار بار ایک ہی تحریر کو ٹائپ نہیں کرنا پڑتا تھا۔

یہی چیز ای میلز میں سی سی کی شکل اختیار کرگئی اور آکسفورڈ انگلش ڈکشنری کے مطابق اس مخفف کا حوالہ سب سے پہلے 1936 میں سامنے آیا تھا۔

جہاں تک بی سی سی کی بات ہے تو یہ بلائنڈ کاربن کاپی کا مخفف ہے، موجودہ عہد کی ای میلز کی طرح ماضی میں بھی کسی خط یا دستاویز کی بلائنڈ کاربن کاپی تیار کی جاتی تھی جس میں لوگوں کے نام کا سیکشن نہیں ہوتا تھا۔

اس کا بنیادی مقصد یہی تھا کہ لوگوں کو علم نہ ہوسکے کہ اس خط یا دستاویز کی کوئی نقل دیگر افراد کو بھیجی گئی ہے۔

سی سی اور بی سی سی کس کام آتے ہیں؟

مثال کے طور پر آپ اپنے ایک دوست کو کسی دعوت کی ای میل کرتے ہیں جس میں اپنے کسی رشتے دار کو بھی بلانا چاہتے ہیں۔

تو دوست کا ای میل ایڈریس toکے سیکشن میں درج کریں گے اور اپنے رشتے دار کے ای میل ایڈریس کا اندراج سی سی باکس میں کریں گے۔

تو جس فرد کو سی سی کیا جائے گا اس پر ضروری نہیں کہ وہ ای میل پر کوئی ردعمل ظاہر کرے یا آسان الفاظ میں سی سی اکثر 'فار یور انفارمیشن' کا کام کرتا ہے۔

البتہ اگر آپ کا دوست ای میلز کو اپنے تمام کانٹیکٹس کو بھیجنے کا عادی ہو اور آپ کو علم ہو کہ رشتے دار کا ای میل ایڈریس سی سی کے ذریعے اس کانٹیکٹ لسٹ کا حصہ بن سکتا ہے۔

تو ایسی صورت میں اس رشتے دار کے ای میل ایڈریس کو بی سی سی میں درج کرنا بہتر ہوگا، جس سے اسے ای میل تو مل جائے گی مگر آپ کے دوست کو اس کا علم نہیں ہوسکے گا۔

مزید خبریں :