پاکستان
Time 19 ستمبر ، 2022

ملک تباہ کن سیلاب کے باوجود قرضوں کے باعث دیوالیہ نہیں ہوگا: مفتاح اسماعیل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نےکہا ہےکہ پاکستان تباہ کن سیلاب کے باوجود قرضوں کے باعث دیوالیہ نہیں ہوگا۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ چیلنجنگ صورت حال میں معاشی استحکام کا راستہ مشکل تھا جواب مشکل تر ہوچکا ہے، اگر سمجھداری سے فیصلے کرتے رہیں جو ہم کریں گے تو ہم بالکل دیوالیہ نہیں ہوں گے۔

وزیرخزانہ نےکہا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے باوجود گرتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے سمیت معاشی استحکام سے متعلق زیادہ ترپالیسیاں اوراہداف تاحال ٹریک پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر سیلاب کے باعث کپاس جیسی مزید درآمدات میں کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس کو 4 ارب ڈالر تک کا نقصان پہنچے اور برآمدات پر منفی اثر پڑے تب بھی پاکستان زر مبادلہ کے ذخائر میں 4 ارب ڈالر تک کا اضافہ کرلےگا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سیلاب کے بعد کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2 ارب ڈالر سے زیادہ نہیں بڑھے گا، سیلاب کے بعد معیشت کو کم از کم 18 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا جو کہ 30 ارب ڈالر تک جاسکتا ہے، کریڈٹ ڈیفالٹ کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور بانڈ کی قیمتیں بھی گرگئی ہیں لیکن 15 سے 20 روز  میں مارکیٹ معمول پر آنے کی توقع ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ 4 ارب ڈالر سے زائد بیرونی مالیاتی ذرائع کو محفوظ کیا گیا ہے جب کہ رواں مالی سال میں قطر، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے تقریباً 5 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کی جائےگی، تیل کے لیے 1 ارب ڈالر کی مؤخر ادائیگی کی سہولت کو فعال کرنے کے لیے ایک دوست ملک کے ساتھ جلد ہی ایک قانونی دستاویز پر دستخط کیے جانے والے ہیں۔

مزید خبریں :