ایلون مسک ٹوئٹر کیس میں اگلے ہفتے وکلا کی جرح کا سامنا کریں گے

ایلون مسک نے ٹوئٹر کو خریدنے سے انکار کیا تھا / رائٹرز فائل فوٹو
ایلون مسک نے ٹوئٹر کو خریدنے سے انکار کیا تھا / رائٹرز فائل فوٹو

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی 26 اور 27 ستمبر کو ٹوئٹر کے وکلا کی جرح کا سامنا کریں گے۔

عدالتی دستاویز کے مطابق ٹوئٹر کو خریدنے کے 44 ارب ڈالرز کے معاہدے سے انکار پر ایلون مسک سوشل میڈیا کمپنی کے وکلا کے سوالات کا سامنا کریں گے۔

ریاست ڈیلاویئر کے شہر ویلمینگٹن کے ایک لاء آفس میں ایلون مسک ٹوئٹر کے وکلا کا سامنا کریں گے اور ضرورت پڑنے پر 2 کی بجائے 3 دن تک بھی کارروائی جاری رہے گی۔

ایک اور عدالتی دستاویز کے مطابق ایلون مسک کے وکیل ایلکس Spiro بھی 25 ستمبر کو اسی طرح سوالات کے جواب دیں گے۔

ماہرین کے مطابق عدالتی ٹرائل سے قبل ایلکس Spiro کی اس طرح کی طلبی حیران کن ہے کیونکہ قانونی اعتبار سے وہ مقدمے کے کسی پہلو پر بات نہ کرنے کا حق رکھتے ہیں، تو یہ معلوم نہیں کہ ان سے کن موضوعات پر بات کی جائے گی۔

خیال رہے کہ ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو 44 ارب ڈالرز میں خریدنے کے معاہدے کو مکمل کرانے کے حوالے سے عدالتی جنگ چل رہی ہے۔

رواں سال اپریل کے آخر میں ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان 44 ارب ڈالرز میں سوشل میڈیا کمپنی خریدنے کا معاہدہ طے پایا تھا۔

ایلون مسک نے جولائی میں ٹوئٹر کو خریدنے سے انکار کیا جس پر سوشل میڈیا کمپنی نے عدالت سے رجوع کیا تاکہ دنیا کے امیر ترین شخص کو معاہدے کی تکمیل پر مجبور کیا جاسکے۔

ایلون مسک کا دعویٰ ہے کہ ٹوئٹر پر اسپام اور جعلی اکاؤنٹس کی تعداد بہت زیادہ ہے جس سے کمپنی کی اشتہارات کی آمدنی متاثر ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ اس پلیٹ فارم کے کروڑوں صارفین میں اسپام اکاؤنٹس کی تعداد 5 فیصد سے بھی کم ہے۔

ایلون مسک کی جانب سے 8 جولائی کو یو ایس سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن کے پاس جمع کروائی گئی دستاویزات میں کہا گیا کہ ٹوئٹر انتظامیہ جعلی اکاؤنٹس کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں ناکام رہی اس لیے وہ سوشل میڈیا کمپنی کو خریدنے کے معاہدے سے دستبردار ہورہے ہیں۔

اس کے بعد ٹوئٹر کی جانب سے ایلون مسک کے خلاف امریکی ریاست ڈیلاویئر کی عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے اس کا ٹرائل جلد شروع کرنے کی درخواست کی گئی۔

ایلون مسک کی قانونی ٹیم کی جانب سے اس درخواست کی مخالفت کی گئی۔

مگر عدالت نے مقدمے کا ٹرائل اکتوبر میں شروع کرنے کا فیصلہ سنایا۔

مزید خبریں :