مائیکرو سافٹ نے ونڈوز 11 میں اب تک کی سب سے بڑی اپ ڈیٹ متعارف کرادی

آپریٹنگ سسٹم کا نیا ورژن مکمل طور پر اکتوبر میں صارفین کو دستیاب ہوگا / فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ
آپریٹنگ سسٹم کا نیا ورژن مکمل طور پر اکتوبر میں صارفین کو دستیاب ہوگا / فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ

مائیکرو سافٹ نے ونڈوز 11 آپریٹنگ سسٹم کے پہلے بڑے نئے ورژن کو متعارف کرا دیا ہے۔

ونڈوز 11 2022 اپ ڈیٹ نامی اس ورژن کو 190 سے زائد ممالک میں متعارف کرایا جارہا ہے۔

مائیکرو سافٹ کے اس آپریٹنگ سسٹم میں اسٹارٹ مینیو اور فائل ایکسپلورر کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے جبکہ متعدد نئے فیچرز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔

ونڈوز 11 آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والی ڈیوائسز میں  اس ورژن کو ونڈوز اپ ڈیٹ سیٹنگز اسکرین میں جاکر اپ ڈیٹ کیا جاسکتا ہے البتہ کچھ فیچرز اکتوبر میں دستیاب ہوں گے۔

ونڈوز 11 2022 اپ ڈیٹ میں سب سے نمایاں تبدیلی یوزر انٹرفیس میں کی گئی ہے اور اسٹارٹ مینیو کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے۔

اسٹارٹ مینیو میں فولڈرز کا فیچر دیا گیا ہے اور ایپس کو وہاں اکٹھا کیا جاسکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق اب اسٹارٹ مینیو میں زیادہ تیزرفتاری سے سرچ کرنا ممکن ہوگا جبکہ فائل ایکسپلورر میں فائلز کو پن کیا جاسکتا ہے۔

ویجیٹ بورڈ کو بھی بہتر بنایا گیا ہے جبکہ فوٹو ایپ کو بھی اپ ڈیٹ کیا گیا ہے تاکہ تصاویر کو زیادہ آسانی سے ون ڈرائیو پر محفوظ کیا جاسکے۔

ونڈوز 11 میں اب صارفین فون نمبرز بھی کاپی کرسکیں گے تاکہ مائیکرو سافٹ ٹیمز میں کالز کرنا آسان ہوجائے۔

اسی طرح نئے ٹیکسٹ ٹو اسپیچ فیچر سے ڈیوائس پر ہر فائل کو سننا ممکن ہوگا، لائیو کیپشنز فیچر سے لوگوں کی گفتگو کو مائیکرو فون کے ذریعے ٹرانسکرائب کرنا ممکن ہوگا۔

ونڈوز 11 کے نئے ورژن میں اسمارٹ ایپ کنٹرول کے ذریعے سکیورٹی کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔

اسی طرح مائیکرو سافٹ ڈیفینڈر اسمارٹ اسکرین صارفین کو ہیک ویب سائٹس میں سائن ان ہونے سے روکے گی۔

مائیکرو سافٹ کے مطابق نئی اپ ڈیٹ کے بعد 20 ہزار سے زیادہ اینڈرائیڈ ایپس اور گیمز کو ونڈوز 11 پر استعمال کرنا ممکن ہوجائے گا۔

مزید خبریں :