کھیل
Time 22 ستمبر ، 2022

'عاقب جاوید نےکہا تھا بابرکو آؤٹ نہیں کرنا'سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان

فوٹو: فائل/ پی سی بی
فوٹو: فائل/ پی سی بی

انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی اوپنرز کی شاندار بلے بازی کی بدولت قومی ٹیم کی کامیابی کے بعد سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا نام ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگا۔

خیال رہےکہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے ڈائریکٹرکرکٹ آپریشنز عاقب جاوید نے گزشتہ دنوں پاکستانی اوپنرز کپتان بابر اعظم اور رضوان کو کم رن ریٹ پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

 عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ہمارے اوپنرز نمبر ون نمبر ٹو ٹی ٹوئنٹی بیٹرز ہیں لیکن یہ کوئی ٹورنامنٹ جتوانے والے نہیں ہیں، ان کا کیا کرنا ہے ، ایک اوپنر ان میں ایسے ہیں جو جب اننگز کا آغاز کرتے ہیں تو اس وقت رن ریٹ 8 کا درکار ہوتا ہے وہ 15 اوورز کھیلتے ہیں اور 17 کا رن ریٹ چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔

ایک اور موقع پر عاقب جاوید نے بابر اعظم پر تنقیدکرتے ہوئےکہا تھا کہ پی ایس ایل میں جب ہمارا میچ کراچی کنگز سے ہوتا ہے تو ہم بابر اعظم کو آؤٹ کرنے کی کوشش نہیں کرتے (کیونکہ وہ سلو کھیلتے ہیں)۔

آج دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کے خلاف بابر اعظم 110 اور رضوان 88 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جس کی بدولت پاکستان نے مہمان ٹیم کا  200 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف آخری اوور میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

بابر اعظم نے 66 گیندوں پر 110 رنز بنائے جس میں 5 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے، جب کہ رضوان نے  51 گیندوں پر 88 رنز کی اننگز کھیلی جس میں انہوں نے4 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔

پاکستانی اوپنرز بالخصوص بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے عاقب جاوید کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور انہیں ٹوئٹر پر ٹرول کرنےکا سلسلہ شروع ہوگیا۔ 

ایک صارف نے انگلش کپتان معین علی تصویر لگا کر لکھا کہ 'ہمیں عاقب جاوید نے منع کیا تھا کہ بابر کو آؤٹ نہیں کرنا'۔

ایک صارف نے عاقب جاوید کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بابر پر تنقید کی،یوں انہوں نے اپنے بلے سے اس کا جواب دیا۔

ایک صارف نے بھارتی فلم کے سین کی میمز پوسٹ کی جس میں دکھایا گیا کہ جیسے عاقب جاوید بابر کی بیٹنگ دیکھ کر انڈرگراؤنڈ ہونے جارہے ہیں۔

اس کے علاوہ دیگر صارفین نے بھی عاقب جاویدکے حوالے سے مختلف میمز شیئر کیں۔


مزید خبریں :