دنیا
Time 25 ستمبر ، 2022

اغوا کا انوکھا واقعہ، چمپینزیز کیلئے بھاری تاوان کا مطالبہ

فوٹو غیر ملکی میڈیا
فوٹو غیر ملکی میڈیا

دنیا کی تاریخ میں پہلی بار کسی جانور کے اغوا ہونے پر تاوان  کے مطالبے  کا واقعہ پیش آیا ہے۔

افریقی ملک کانگو کے ایک شہر میں قائم جانوروں کی پناہ گاہ سے تین چمپینزیزکے بچوں  کو اغوا کیا گیا ہے جس کی رہائی کے لیے بھاری رقم بطور تاوان  مانگی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جانوروں کی پناہ گاہ میں 5 چمپینزیز کے بچے موجود تھے جس میں سے تین چمپینزیز کے بچوں کو اغوا کیا گیا ہے، دو بچے اغوا کاروں سے ڈر کر کچن میں چھپ گئے تھے جس سے وہ بچ گئے۔

جانوروں کی پناہ گاہ کے مالک کے مطابق اغوا کاروں کی جانب سے انہیں ویڈیو اور تین آڈیو پیغام موصول ہوئے ہیں،  جس میں اغوا کاروں کا کہنا تھا کہ’ انہوں نے  میرے بچوں کو اغوا کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن میرے  بچے ملک میں نہیں آئے تو اس وجہ سے اغوا کاروں نے چمپینزیز کے بچوں کو اغوا کرلیا ہے اور اب وہ بھاری رقم  تاوان کے طور پر مانگ رہے ہیں‘۔

پناہ گاہ کے مالک کے مطابق اغوا کاروں نے اپنے آڈیو پیغام میں دھمکیاں دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تاوان نہیں دیا گیا تو وہ چمپینزیز کے بچوں کو نشہ دینے کے ساتھ انہیں نقصان پہنچائیں گے۔

فوٹو غیر ملکی میڈیا
فوٹو غیر ملکی میڈیا

مالک نے انٹرویو دیتے ہوئے مزید کہا کہ پناہ گاہ  کے لیے اتنی بھاری رقم ادا کرنا ناممکن ہے اور ساتھ میں یہ سمجھنے کی ضرورت بھی ہے کہ اگر انہیں پیسے دے دیے گئے تو وہ دوبارہ بھی ایسا ہی کریں گے اور کوئی گارنٹی بھی نہیں ہے کہ وہ تاوان لینے کے بعد چمپینزیز کے بچوں کو سلامت واپس کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں جانوروں کی 23 پناہ گاہیں چل رہی ہیں اگر اغوا کاروں کو تاوان دے دیا گیا تو دیگر لوگ بھی تاوان کے غرض سے جانوروں کو پناہ گاہوں سے اغوا کریں گے لہٰذا ہمیں انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

وزارت ماحولیات کے میڈیا ایڈوائزری کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے اس کیس کی تحقیقات جاری ہے اور انہیں امید ہے کہ اغوا کاروں کا جلد پتا لگا کر چمپینزیز کے بچوں کو  بازیاب کروا لیا جائے گا۔

مزید خبریں :