عمر کے ساتھ ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مددگار غذائیں

ہڈیوں کی صحت کا خیال رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے / فائل فوٹو
ہڈیوں کی صحت کا خیال رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے / فائل فوٹو

ہڈیاں ہمارے جسم کا انتہائی اہم حصہ ہوتی ہیں کیونکہ ان کی وجہ سے ہی ہمیں چلنے پھرنے میں مدد ملتی ہے۔

ہڈیوں سے ہمارے اہم اعضا کو تحفظ ملتا ہے اور مسلز اپنی جگہ پر برقرار رہتے ہیں۔

عمر بڑھنے کے ساتھ ہمارا جسم اس طرح نئے ٹشوز نہیں بناپاتا جیسا نوجوانی میں بناتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ ہڈیوں کا حجم گھٹنے لگتا ہے جس سے ان کے ٹوٹنے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اچھی بات یہ ہے کہ چند غذاؤں سے آپ اپنی ہڈیوں کو عمر بڑھنے کے باوجود مضبوط بناسکتے ہیں۔

سبز پتوں والی سبزیاں

ہڈیوں کے لیے کیلشیئم بہت اہم جز ہے جو دودھ سے جسم کو ملتا ہے، مگر یہ غذائی جز متعدد سبزیوں میں بھی موجود ہوتا ہے۔

سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک یا ساگ وغیرہ اس حوالے سے بہترین ثابت ہوسکتی ہیں، ان سبزیوں میں وٹامن K بھی موجود ہوتا ہے جو ہڈیوں کے بھربھرے پن کا خطرہ کم کرتا ہے۔

شکرقندی

ہڈیوں کو صحت مند رکھنے کے لیے میگنیشم اور پوٹاشیم بہت اہم اجزا ہوتے ہیں، اگر جسم میں میگنیشم کی کمی ہو تو وٹامن ڈی کے توازن کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے، جس سے ہڈیوں کی صحت متاثر ہوتی ہے۔

اسی طرح پوٹاشیم وہ جز ہے جو تیزابیت کو کنٹرول کرتا ہے جس سے ہڈیوں میں کیلشیئم میں کمی نہیں آتی۔

ان دونوں کے حصول کا ایک بہترین ذریعہ شکرقندی ہے۔

گریپ فروٹ

گریپ فروٹ جیسے کھٹے پھلوں میں وٹامن سی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔

وٹامن سی ہڈیوں کے حجم میں آنے والی کمی کی روک تھام  میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ایک گریپ فروٹ میں 88 ملی گرام تک وٹامن سی ہوسکتا ہے جو دن بھر کی ضروریات کے لیے کافی ہوتا ہے۔

انجیر

انجیر بھی ہڈیوں کو مضبوط بنانے والا پھل ہے، تازہ انجیروں میں کیلشیئم اور دیگر اہم غذائی اجزا جیسے پوٹاشیم اور میگنیشم موجود ہوتے ہیں۔

یہ تینوں ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے کتنے اہم ہیں ان کا ذکر اوپر پہلے ہی ہوچکا ہے۔

مچھلی

مچھلی کے گوشت میں وٹامن ڈی موجود ہوتا ہے جو جسم کو کیلشیئم اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈز کو استعمال کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے جس سے ہڈیوں کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

مچھلی میں کیلشیئم بھی موجود ہوتا ہے جو ہڈیوں کے لیے اہم جز ہے۔

دہی

دہی کا استعمال ہزاروں برسوں سے ہورہا ہے اور دودھ سے تیار ہونے کے باعث اس میں کیلشیئم کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔

225 گرام دہی سے جسم کو کیلشیئم کی روزانہ درکار مقدار کا 42 فیصد حصہ مل جاتا ہے۔

انڈے

انڈوں میں وٹامن ڈی موجود ہوتا ہے جو ہڈیوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔

وٹامن ڈی صرف زردی میں پایا جاتا ہے تو اسے کھانا لازمی بنائیں جبکہ اس میں موجود پروٹین بھی ہڈیوں کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

خشک آلو بخارے

خشک آلو بخاروں کا روزانہ استعمال ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے۔

اس کی وجہ خشک آلو بخاروں میں وٹامن ڈی اور کیلشیئم کی موجودگی ہے۔

دودھ

روزانہ ایک کپ دودھ پینے سے جسم کو روزانہ درکار کیلشیم کی 30 فیصد مقدار مل جاتی ہے، جبکہ اس میں وٹامن ڈی بھی موجود ہوتا ہے جو ہڈیوں کی صحت کے لیے فائدہ مند جز ہے۔

مزید خبریں :