کاروبار
Time 26 ستمبر ، 2022

مہنگے ایندھن سے چلنے والے 7339 میگاواٹ کے پاور پلانٹس بند کرنے کا فیصلہ

سستی بجلی کی پیداوار کا 10 سالہ منصوبہ منظوری کیلئے نیپراکوبھیج دیاگیا— فوٹو: فائل
سستی بجلی کی پیداوار کا 10 سالہ منصوبہ منظوری کیلئے نیپراکوبھیج دیاگیا— فوٹو: فائل 

مہنگے ایندھن سے چلنے والے7339 میگاواٹ کے پاور پلانٹس بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

سستی بجلی کی پیداوار کا 10سالہ منصوبہ منظوری کیلئے نیپراکوبھیج دیاگیا ہے جس کی تصدیق نیپرا نے کردی ہے۔

نیپرا کے مطابق این ٹی ڈی سی کی جانب سے سستی بجلی کا منصوبہ نیپرا کو بھجوایا گیا، سستی بجلی کا انڈیکیٹو جنریشن کیپسٹی ایکپینشن پلان 2022 سے 2031  تک تجویز کیا گیا اور منصوبے کے تحت 14 ہزار159 میگاواٹ سستی بجلی سسٹم میں شامل کرنےکی تجویز دی گئی ہے۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ سال 2022 تا 2031 بجلی کی طلب 44 ہزار668 میگاواٹ تک لے جانے  کا تخمینہ تجویز کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق نیپرا سستی بجلی کے طویل مدتی منصوبے پر 19 اکتوبر کوسماعت کرے گا، منصوبے میں صوبائی حکومتوں کی تجاویز بھی شامل کی گئی ہیں۔

مجوزہ منصوبے میں فرنس آئل کے 11 اور درآمدی ایل این جی والے 5 پاورپلانٹس بند کرنےکی تجویز  بھی شامل ہے۔

مجوزہ منصوبے کے مطابق گیس سے چلنے والے 3 اور کے الیکڑک کے 682 میگاواٹ کے پلانٹس بند کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔

کے الیکٹرک کے دو فرنس آئل اور دو درآمدی ایل این جی پلانٹس بند کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے جبکہ نیٹ میٹرنگ سے 4 ہزار 320 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کیے جانے کا تخمینہ شامل ہے۔