شادی شدہ افراد کا تعلق خراب کرنے والی عام وجہ جان لیں

یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

تناؤ کو متعدد امراض کا خطرہ بڑھانے والا سبب سمجھا جاتا ہے مگر اس کے نتیجے میں شادی شدہ جوڑوں کا رشتہ بھی متاثر ہوسکتا ہے۔

یہ دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا۔

جریدے سوشل سائیکولوجیکل اینڈ Personality سائنس میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ تناؤ سے متاثر فرد شریک حیات کے رویے میں مثبت کی بجائے منفی باتوں پر زیادہ توجہ مرکوز کرتا ہے۔

اس سے پہلے سائنسدانوں نے زیادہ توجہ اس بات پر مرکوز کی تھی کہ تناؤ کس حد تک ذاتی رویوں پر اثرانداز ہوتا ہے مگر اس تحقیق کے نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ تناؤ جوڑوں کے باہمی تعلق کو خراب کرنے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

درحقیقت تناؤ کے شکار افراد اپنے شریک حیات کی منفی چیزوں جیسے کوئی وعدہ توڑ دینا، غصے کا اظہار، بے صبری کا مظاہرہ اور تنقید کا زیادہ اثر لیتے ہیں۔

امریکا کی ٹیکساس یونیورسٹی کی اس تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا تھا کہ ہم نے دریافت کیا کہ جن افراد کو گھر سے باہر تناؤ کا زیادہ سامنا ہوتا ہے وہ اپنے شریک حیات کے غیرمحتاط رویوں کا جائزہ باریک بینی سے لیتے ہیں۔

اس تحقیق میں 79 ایسے جوڑوں کو شامل کیا گیا تھا جن کی شادی کو زیادہ عرصہ نہیں گزرا تھا۔

ان جوڑوں سے 10 دن تک روزانہ ایک سروے کیا گیا جس میں انہوں نے اپنے اور شریک حیات کے رویوں کے بارے میں بتایا۔

تحقیق کے آغاز سے قبل ان جوڑوں سے سوالنامے بھی بھروائے گئے جن میں زندگی کے پرتناؤ واقعات کی تفصیلات حاصل کی گئی تھیں۔

محققین نے کہا کہ نوبیاہتا جوڑوں کی شمولیت سے تحقیق کے نتائج کی اہمیت بڑھ گئی، کیونکہ شادی کے بعد کچھ عرصے تک لوگ ایک دوسرے کے مثبت رویوں پر زیادہ توجہ مرکوز کرتے ہیں اور منفی چیزوں کو نظرانداز کردیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند سال بیشتر افراد کے لیے مشکل ثابت ہوئے ہیں اور کورونا کی وبا کے باعث تناؤ کا سامنا زیادہ ہوا ہے، یہی تناؤ شادی شدہ افراد کی زندگیوں کو متاثر کرسکتا ہے۔

محققین نے دریافت کیا کہ طویل عرصے تک پرتناؤ زندگی کے باعث لوگوں کی اپنے شریک حیات کے منفی رویوں پر توجہ زیادہ بڑھ جاتی ہے اور وہ مثبت رویوں کو نظرانداز کردیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ تناؤ کے اثرات سے آگاہی کے بعد جوڑوں کے لیے اپنے رویوں کو درست کرنا ممکن ہوجائے اور ان کا تعلق زیادہ متاثر نہ ہو، مگر اس حوالے سے تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں تحقیق میں ایسے جوڑوں کو شامل کیا جائے گا جن کی شادی کو زیادہ عرصہ ہوچکا ہوگا۔

محققین کے مطابق نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ تناؤ زندگی کے اس اہم ترین رشتے پر منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے۔

مزید خبریں :