دنیا
Time 28 ستمبر ، 2022

ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کے مناظر کے نشر مکررپر "شاہی پابندی" عائد کردی گئی

آخری رسومات کے تاریخی لمحات میں سے کچھ جذباتی مناظر کے نشر مقرر پر ہمیشہ کیلئے پابندی عائد کر دی گئی ہے: خبر  — فوٹو: فائل
آخری رسومات کے تاریخی لمحات میں سے کچھ جذباتی مناظر کے نشر مقرر پر ہمیشہ کیلئے پابندی عائد کر دی گئی ہے: خبر  — فوٹو: فائل

بکنگھم پیلس کی جانب سے ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کی ریکارڈنگ کےنشر مکرر پر "شاہی پابندی" عائد کر دی گئی۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شاہی محل کی جانب سے ایک معاہدے کے تحت ٹی وی چینلز کو آنجہانی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی آخری رسومات نشر کرنے کی اجازت دی گئی تھی تاہم اب شاہی محل کی جانب سے آخری رسومات کے کچھ حصوں کو دوبارہ نشر کرنے پر ہمیشہ کیلئے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ملکہ برطانیہ کی  آخری رسومات کو کم و بیش 4 ارب لوگوں نے اپنی ٹی وی اسکرینوں کے ذریعے دیکھا، آخری رسومات کی تقریبات میں شاہی خاندان کو ملکہ برطانیہ کو خراج تحسین پیش کرتے  اور ان سے اپنی جذباتی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا تاہم اب ان کی آخری رسومات کے تاریخی لمحات میں سے کچھ جذباتی مناظر کے نشر مقرر  پر ہمیشہ کیلئے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

ملکہ برطانیہ نے اپنی آخری رسومات کی ادائگی کا پورا پلان خود اپنی نگرانی میں تیار کروایا تھا اور وہ چاہتی تھی کہ برطانوی عوام ان کی وفات کے بعد  ان کا سوگ منائے اور اس سلسلے میں لاکھوں لوگ ان کے آخری دیدار کیلئے محل کے باہر گھنٹوں تک قطاروں میں کھڑے  رہے  تھے۔

ملکہ کی آخری رسومات اور تدفین کا وقت شاہی خاندان اور  ان کے قریبی رشتہ داروں کیلئے بھی ایک انتہائی تکلیف دہ موقع  تھا اور  یہ انکے لیے بھی ملکہ کے سوگ منانے کا وقت تھا، اس موقع پر شاہی خاندان کے  افراد کے کچھ جذباتی مناظر بھی ٹی وی کے ذریعے نشر کیے گئے تھے، جو کہ بلکل ہی نجی لمحات سمجھے جاتے ہیں۔

ٹی وی اداروں سے ہونے والے معاہدے کے تحت اب بکنگھم پیلس کی جانب سے ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کی ریکارڈنگ میں سے  شاہی خاندان کے کچھ جذباتی مناظر کے نشر مقرر پر  ہمیشہ کیلئے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں :