مولا جٹ بہترین ایکشن فلم ہے جو بالی وڈ فلموں کو بھی مات دیگی: فلم ساز آغا سجاد گل

دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی فلم کی انڈوانس بکنگ 30 ستمبر سےشروع ہوگی۔فائل فوٹو
'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کی فلم کی انڈوانس بکنگ 30 ستمبر سےشروع ہوگی۔فائل فوٹو

جیو  فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' 13 اکتوبر کو  ایک ساتھ دنیا بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی لیکن فلم اپنی ریلیز سے پہلے ہی بہت زیادہ مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔

جیو نیوز کے مارننگ شو جیو پاکستان میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نامور فلمساز آغا سجاد گل کا کہنا تھا کہ  'دی لیجنڈ آف مولا جٹ'  پاکستان میں بننے والی ایکشن فلموں میں سے بہترین ہے اور یہ بالی وڈ کو بھی مات دے گی۔

آغا سجاد گل نے بتایا کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ 1979 میں بننے والی فلم مولا جٹ کا ری میک ہے، جیسے لوگ بالی وڈ کی فلم 'شعلے' کو یاد کرتے ہیں ویسے ہی مستقبل میں 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کو یاد رکھیں گے۔

ہر ایک اداکار نے فلم میں اداکاری کے بہترین جوہر دکھائے ہیں: آغاز سجاد گل

ان کا کہنا تھا یہ  فلم  مختلف زاویے کے ساتھ پیش کی گئی ہے، فلم میں کی گئی میوزک، بیک گراؤنڈ اور تصویر کشی بہت ہی زبردست ہے۔

اینکر کے سوال پر فلم ساز آغا سجاد  گل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر  زبان بولنے والا اس فلم کو سمجھ سکتا ہے،کووڈ اور  دیگر  وجوہات کے سبب  فلم میں تاخیر ہوئی تھی لیکن اب اسے 13 اکتوبر کو ریلیز کیا جارہا ہے۔

فلمساز  آغاز سجاد گل کا کہنا تھا کہ اداکارہ ماہرہ خان نے بہت اچھا پرفارم کیا لیکن یہ کہنا مشکل ہوگا کہ کس نے سب سے زیادہ اچھا پرفارم کیا کیو نکہ ہر ایک اداکار نے فلم میں اداکاری کے بہترین جوہر دکھائے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ فواد خان نے اس فلم میں اپنے کیرئیر کا سب سے اچھا کام کیا ہے، اداکار نے  اتنی اچھی پرفارمنس کسی دوسری فلم میں نہیں دی۔

 یہ فلم بڑے مارجن کے ساتھ ریکارڈ توڑے گی اور 100کروڑ کا فیگر کراس کرے گی: راشد خواجہ

پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف پروڈیوسر  راشد خواجہ نے بھی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس سے بہتر فلم آج تک نہیں بنی، مجھے یہ فلم  ہالی وڈ کے لیول کی محسوس ہو رہی ہے، یہ فلم  بڑے مارجن کے ساتھ ریکارڈ بریک کرے گی اور  100کروڑ کا فیگر کراس کرے گی۔

اداکارہ حمائمہ ملک کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ حمائمہ ملک کا ایک ڈائیلاگ ہٹ ہونے والا ہے جسے لوگ 10 سے 15 سال تک یاد رکھیں گے، میں نے اس فلم جیسی بیک گراؤنڈ میوزک اپنی زندگی میں پہلے کبھی نہیں سنی۔

ہم نے اس فلم میں مین اسٹریم سنیما کے قوانین توڑے ہیں: فواد خان

جیو نیوز کے پروگرام میں اداکار فواد خان نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہت پر جوش ہوں اور نروس بھی ہوں کیونکہ  2017 کے بعد میری یہ دوسری فلم ہے۔

فواد خان نے مزید کہا کہ اس فلم کی منظر کشی کو حقیقت سے بہت قریب رکھا گیا ہے، ہم نے اس فلم میں مین اسٹریم سنیما کے قوانین توڑے ہیں، فلم کے ڈائیلاگ کو دیکھ کر ایک لمبی شاعری لگتی ہے، اگر ڈی وی ڈی کا زمانہ ہوتا تو لوگ نکال کر  فلم دیکھتے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'کریکٹر ٹرانسفارمیشن کے لیے میں پر جوش ہوں، ہر قسم کا کردار ادا کرنا چاہیے، فلم میں وزن بڑھا کر کم کرنا بہت مشکل کام ہوتا ہے، مجھے لگتا ہے مزہ تب آتا ہے جب آپ  کردار میں سمو جاتے ہیں، فلم کے لیے 100 کلو تک وزن بڑھایا تھا، مجھے امید ہے عوام اس فلم سے مایوس نہیں ہو گی'۔

فواد خان کا کہنا تھا ہماری ایک ایکشن ٹیم فلم کے لیے باہر سے آئی تھی اور ہم نے ان سے ایکشن سیکھا،  6 سے 7 کلو کے ڈنڈے کو گھمانا پڑتا تھا اور ہمیں چوٹیں بھی لگتی تھیں۔

خیال رہے کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کی فلم کی ایڈوانس بکنگ 30 ستمبر سےشروع ہوگی اور فلم پاکستان سمیت دنیا بھر میں 13 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔

مزید خبریں :