پاکستان
Time 29 ستمبر ، 2022

پی ایم سی کی صوبائی سطح پر ایم ڈی کیٹ امتحان کرانے کی منظوری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان میڈیکل کمیشن نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالیج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) امتحان کے صوبائی سطح پر منعقد کروانے کی منظوری دے دی۔

ایم ڈی کیٹ امتحان کیلئے ایم بی بی ایس 55 فیصد نمبر اور بی ڈی ایس 45 فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری ہو گا جبکہ ورلڈ فیڈریشن فار میڈیکل ایجوکیشن (ڈبلیو ایف ایم ای) کیلئے خصوصی ٹاسک فورس قائم کردی گئی۔

پاکستان میڈیکل کمیشن کے اعلامیے کے مطابق صدر پی ایم سی ڈاکٹر نوشاد احمد شیخ کی زیر صدرات ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نمز یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجز کا ایم ڈی کیٹ امتحان الگ سے لیا جائے گا تا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) لانگ کورس متاثر نہ ہو۔

اعلامیے کے مطابق ایم ڈی کیٹ امتحان مینوئل اور کاغذ پر مبنی ہوگا، ایم ڈی کیٹ امتحان کی رجسٹریشن میں 10 دن کی توسیع کرتے ہوئے رجسٹریشن پورٹل کھول دیا گیا ہے۔

نیشنل لائسنسنگ ایگزامینیشن (این ایل ای) سٹیپ 1 کا امتحان رواں سال اکتوبر کے آخری ہفتے میں ہوگا جبکہ این ایل ای سٹیپ 2 کا امتحان نومبر کے آخری ہفتے میں لیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق گزشتہ سال 65 فیصد سے کم نمبر لینے والے طلبا ایم ڈی کیٹ امتحان دوبارہ دینے کے اہل ہونگے۔ 

مزید خبریں :