'ہم منہ بگاڑ کر تصویریں نہیں لے سکتے'، ونیزا احمد کی عائزہ کے انسٹاگرام پر تنقید

مجھے تو اتنا بھی نہیں معلوم کے میرے کتنے فالوورز ہیں، میرا اکاؤنٹ بھی میری بہن نے بنایا ہے اور میری بھانجی میری تصویریں شیئر کرتی ہے: اداکارہ/ فوٹو: انسٹاگرام
مجھے تو اتنا بھی نہیں معلوم کے میرے کتنے فالوورز ہیں، میرا اکاؤنٹ بھی میری بہن نے بنایا ہے اور میری بھانجی میری تصویریں شیئر کرتی ہے: اداکارہ/ فوٹو: انسٹاگرام

پاکستانی سپر ماڈل ونیزا احمد نے اداکارہ عائزہ خان کو ان کے انسٹاگرام  اکاؤنٹ کے باعث تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

حال ہی میں ونیزا احمد اور اداکار عدیل حسین نجی ٹی وی کے ایک پروگرام  میں شریک ہوئے جس میں ان دونوں سے آج کل سوشل میڈیا کا بڑھتا رجحان اور فالوورز کی ریس سے متعلق سوال کیا گیا۔

ونیزا احمد نے فوراً جواب دیا کہ ' آپ کو لگتا ہے کہ ہم ہونٹ اور منہ بگاڑ کر تصویریں لینے والے لوگ ہیں، تیار ہو کر، کیا کھا رہے ہو، کیا پی رہے ہو، کیا کر رہے ہو سب کچھ سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دینا، بھئی ہم سے ایسا نہیں ہو سکتا'۔

ماڈل و اداکارہ ونیزا احمد بولیں ' کل ہی میں نے دیکھا کہ ایک پاکستانی اداکارہ کے 12 ملین فالوورز تھے' جس پر میزبان نعمان اعجاز فوراً بولے وہ عائزہ خان صاحبہ ہیں۔

ونیزا نے کہا 'میں نے سوچا چلو اس کے پیج پر جا کر دیکھتی ہوں کہ اس اداکارہ کا ایسا کیا کارنامہ ہے،  اس اداکارہ کے اکاؤنٹ پر صرف تصویریں ہی تھیں'۔

انہوں نے کہا ' مجھے تو اتنا بھی نہیں معلوم کے میرے کتنے فالوورز ہیں، میرا اکاؤنٹ بھی میری بہن نے بنایا ہے اور میری بھانجی میری تصویریں شیئر کرتی ہے، میں کبھی کبھار صرف آیتیں یا اقوالِ زریں شیئر کر دیتی ہوں'۔

یاد رہے کہ اداکارہ عائزہ خان انسٹاگرام پر پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی فنکارہ ہیں جن کے 12.3 ملین فالوورز ہیں۔

مزید خبریں :