سبزی خور افراد میں کس بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے؟

یہ دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا / فائل فوٹو
یہ دعویٰ ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا / فائل فوٹو

سبزی کھانا پسند کرنے والے افراد میں گوشت خوروں کے مقابلے میں ڈپریشن کا خطرہ دگنا زیادہ ہوتا ہے۔

یہ دعویٰ ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

جرنل آف Affective Disorders میں شائع تحقیق میں برازیل سے تعلق رکھنے والے 35 سے 74 سال کی عمر کے 14 ہزار سے زائد افراد کی غذائی عادات کا جائزہ لیا گیا تھا۔

ان افراد سے سوالنامے بھروائے گئے تاکہ معلوم ہوسکے کہ وہ گوشت کھانا پسند کرتے ہیں یا صرف سبزیوں تک محدود رہتے ہیں۔

اس کے بعد کلینیکل انٹرویو شیڈول ری وائزڈ (سی آئی ایس آر) نامی ٹول کو استعمال کرکے لوگوں میں ڈپریشن کا تعین کیا گیا۔

محققین نے دریافت کیا کہ سبزی پسند کرنے والے افراد میں ڈپریشن کا امکان گوشت کھانے والوں کے مقابلے میں دگنا زیادہ ہوتا ہے۔

محققین اس کی وجہ کا تو تعین نہیں کرسکے مگر ان کا کہنا تھا کہ مختلف عناصر جیسے گوشت میں پائے جانے والے اجزا کی جسم میں کمی اس کی ممکنہ وجہ ہوسکتی ہے۔

گوشت میں پروٹین، آئرن، وٹامن بی اور زنک جیسے اجزا موجود ہوتے ہیں جو دماغی افعال کے لیے اہم ہوتے ہیں اور ممکنہ طور پر ڈپریشن سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

ماہرین نے بتایا کہ جب کسی فرد کو مختلف غذائی اجزا کی کمی کا سامنا ہو تو اس سے مزاج پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ انزائٹی اور تناؤ کا خطرہ بڑھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر غذائی اجزا کی کمی ڈپریشن کا باعث بنتی ہے تو اس کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیگر عناصر کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے جیسے اپنے غذائی انتخاب کی وجہ سے تو کوئی فرد خود کو دیگر سے الگ تھلگ محسوس نہیں کرتا۔

مزید خبریں :