بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے پرفیکشن کو بورنگ کیوں قرار دے دیا؟

عالیہ بھٹ کو بہترین سال کی بہترین اداکارہ کیلئے ٹائم 100 امیپکٹ ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا تھا — فوٹو: فائل
عالیہ بھٹ کو بہترین سال کی بہترین اداکارہ کیلئے ٹائم 100 امیپکٹ ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا تھا — فوٹو: فائل

بالی وڈ کی نامور اداکارہ عالیہ بھٹ نے ایک ایوارڈ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرفیکشن انتہائی بورنگ ہوتی ہے۔

عالیہ بھٹ کو بہترین سال کی بہترین اداکارہ کیلئے ٹائم 100 امیپکٹ ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا تھا، اپنا ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے مستقل حوصلہ افزائی کرنے اور ساتھ دینے پر اپنے والدین اور بہن، شوہر کا شکریہ ادا کیا۔

عالیہ بھٹ نے ایوارڈ لینے کی بعد کی ہوئی اپنی تقریر کی ویڈیو ایک متاثر کن کیپشن کے ساتھ ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے قبولیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے لکھا کہ ہمیں صرف خوبیوں کو ہی نہیں بلکہ اپنی خامیوں کو بھی اسی طرح قبول کرنا چاہئے کیوں کہ یہی خوبیاں اور خامیاں مل کر ہمیں وہ بناتی ہیں جو ہم ہیں۔

ایوارڈ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے عالیہ بھٹ نے کہا کہ جانے انجانے میں ہم کیوں سمجھتے  ہیں کہ  کئی قوانین کی پاسداری کرنا ہم پر فرض ہے؟ ہمیں  کیوں لگتا ہے کہ ہمیں پسندیدہ رہنا ہے، اچھا بننا ہے اور غلطیوں سے پاک ایک مکمل انسان بننا ہے جو کہ ناممکن بات ہے اور صرف مالائی اور جادوئی کہانیوں میں پائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں انہوں نے محسوس کیا ہے کہ پرفیکشن ایک بورنگ چیز ہے، کیوں کہ یہ آپ کی خامیاں اور آپ کی غلطیاں ہوتی ہیں جو آپ کو ’’آپ‘‘ بناتی ہیں۔

عالیہ بھٹ نے ایوارڈ تقریب کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں ایک ایسا موقع پیدا کرنا چاہتی ہوں جہاں میں آپ لوگوں کے ساتھ ملکر اپنی طاقت کے ساتھ ساتھ اپنی کمزوریاں بھی سیلبریٹ کر سکوں۔

عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ میں اسپیلنگ میں بہت ہی بری ہوں لیکن میں جانتی ہوں کہ ایک مصیبت زدہ اورپریشان حال انسان سے کیا بات کرنی چاہئے، میری معلومات عامہ بہت ہی ناقص ہے لیکن میری ایموشنل انٹیلیجنس ایک ایسی چیز ہے جسے حاصل کرنے کیلئے میں نے شدید محنت کی ہے۔

مزید خبریں :