انسانوں سے اچھے اور جلدی فرنچ فرائز بنانیوالا روبوٹ تیار

امریکی کمپنی نے انسانوں سے اچھے  اور جلدی فرنچ فرائز بنانے والا روبوٹ تیار کرلیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کی ٹیکنالوجی کمپنی نے 'Flippy 2' نامی روبوٹ تیار کیا ہے جو  خودکار طریقے سے آلو اور پیاز کے فرائز تیار کرنے کے ساتھ دیگر کھانے بھی بنانےکی مہارت رکھتا ہے۔

روبوٹک بازوں  والا یہ روبوٹ کیمروں اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے فریزر سے جمے ہوئے فرنچ فرائز اور دیگر کھانے نکال کر انہیں گرم تیل میں ڈالتا ہے اور جیسے ہی وہ بن کر تیار ہوجاتے انہیں باہر نکال کر ٹرے میں ڈال دیتا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ Flippy 2 بیک وقت مختلف ترکیبوں کے ساتھ کئی کھانے  بھی بنا سکتا ہے، جس سے کچن کے عملے کی ضرورت کم ہو جاتی ہے، جلدی کھانا بننے کی وجہ سے ہوم ڈیلیوری میں بھی فائدہ ہوتا ہے۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

کمپنی کے چیف ایگزیکٹو مائیک بیل نے ایک انٹرویو میں کہا کہ جب ریسٹورانٹ  کے آن لائن سسٹم کے  ذریعے کوئی آرڈر آتا ہے  تو خود بخود اس روبوٹ کو ہدایات مل جاتی ہیں اور یہ انسانوں سے زیادہ جلدی  اور بہتر کھانا بنالیتا ہے۔

کمپنی کو اس روبوٹ  کو تیار کرنے میں 5 سال کا عرصہ لگا جبکہ اب یہ عام فروخت کے لیے بھی دستیاب ہے۔

روبوٹ بنانے والے انجینئرز کچن میں کام کرنے والے اس Flippy 2 روبوٹ کو ایک بڑی اسکرین پرکام کرتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں، جس سے وہ روبوٹ میں پیش آنے والے کسی بھی مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق امریکا میں اب بہت سے ہوٹلز میں Flippy 2 روبوٹ استعمال ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

مزید خبریں :