دنیا
Time 05 اکتوبر ، 2022

افریقی ملک میں 66 بچوں کی ہلاکت، W.H.Oنے بھارت میں تیارکھانسی سیرپ سے متعلق خبردارکردیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

افریقی ملک گیمبیا میں 66 بچوں کی ہلاکت کے بعد عالمی ادارہ صحت (W.H.O) نے بھارت میں تیار کردہ کھانسی کی دوا سے متعلق خبردار کردیا۔

 برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہےکہ گیمبیا میں گردے کی بیماری کے باعث درجنوں بچوں کی اموات کی وجہ بھارت میں تیار کردہ کھانسی اور  سردی کی آلودہ دوا (سیرپ) ہوسکتی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم کا کہنا ہےکہ  بھارت میں تیارکردہ سردی اورکھانسی کے 4 سیرپ میں آلودگی کی تفتیش کی جارہی ہے، زیرِ تفتیش بھارتی سیرپ  نئی دہلی کی دوا ساز کمپنی میڈن فارماسوٹیکلز لمیٹڈ کے تیار کردہ ہیں۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ بھارتی فارما کمپنی نے معاملے پر بات کرنے سے انکار کیا ہے جب کہ بھارتی وزارت صحت اور ڈرگز کنٹرولر جنرل نے بھی رابطے کے باجود جواب نہیں دیا۔

عالمی ادارہ صحت نے الرٹ جاری کرتے ہوئے  بھارتی کمپنی  میڈن فارما کی کھانسی دوا مارکیٹ سے ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق لیبارٹری تجزیے میں یہ بات سامنے آئی کہ   میڈن فارما کے سیرپ میں ایسے اجزا موجود ہیں جو کہ انسان کے لیے زہریلے ثابت ہوسکتے ہیں۔

مزید خبریں :