پاکستان
Time 06 اکتوبر ، 2022

پشاور میں احتجاج کرنیوالے اسکول اساتذہ پر پولیس کا لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ

خیبرپختونخوا (کے پی) پولیس نے پشاور می احتجاج کرنے والے اسکول  اساتذہ پر ہلہ بول دیا، لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔

پشاور میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے سرکاری پرائمری اسکولوں کے اساتذہ سراپا احتجاج رہے، مظاہرین نے گزشتہ 3 گھنٹوں سے خیبر روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کیےرکھا۔

 پرائمری اسکول ٹیچرز سروس اسٹرکچر اور دیگر مطالبات کے حق میں احتجاج کر رہے تھے، پولیس نے  احتجاج کرنے والے اساتذہ پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔

 
فوٹو: ٹوئٹر
فوٹو: ٹوئٹر

مظاہرین نے بھی جواب میں پولیس پر پتھراؤ کیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے ہوائی فائرنگ بھی کی ۔ بعد ازاں  اسمبلی چوک سے مظاہرین منتشر ہوگئے اور خیبر روڈ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

ایس پی کینٹ محمد اظہر کا کہناہے کہ اساتذہ کے احتجاج کے دوران پھتراؤ سے 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ،احتجاج کے دوران گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں ۔

دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کے مطابق اسمبلی چوک پر شیلنگ کے نتیجے میں 4 افراد لیڈی ریڈنگ اسپتال لائے گئے، دو پولیس اہلکار اور دو عام شہری زخمی ہیں،زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

مزید خبریں :