دنیا
Time 06 اکتوبر ، 2022

برطانیہ کو موسم سرما میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہونے کا امکان

برطانیہ کے نیشنل گرڈ نے یہ انتباہ کیا / فائل فوٹو
برطانیہ کے نیشنل گرڈ نے یہ انتباہ کیا / فائل فوٹو

پاکستان جیسے ممالک میں تو بجلی کی لوڈشیڈنگ عام ہے اور لگ بھگ ہر موسم میں ہی کچھ گھنٹے اس کا سامنا ہوتا ہے۔

مگر ترقی یافتہ ممالک میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا مگر برطانیہ کو اس موسم سرما میں روزانہ کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ کا سامنا ہوگا۔

یہ انتباہ برطانیہ کے نیشنل گرڈ کی جانب سے جاری کیا گیا۔

اس انتباہ میں کہا گیا کہ اگر روس کی جانب سے گیس سپلائی منقطع کردی گئی اور برطانیہ میں موسم بہت زیادہ سرد ہوا تو گھریلو صارفین کو روزانہ 3 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہوگا۔

اس اقدام کا مقصد توانائی کے استعمال میں 5 فیصد کمی لانا ہوگا اور صارفین کو لوڈشیڈنگ کے حوالے سے ایک دن پہلے آگاہ کیا جائے گا۔

اس منصوبے کے لیے بادشاہ چارلس کی منظوری کی ضرورت ہوگی۔

نیشنل گرڈ نے بتایا کہ گیس سپلائی کی کمی کی صورت میں کچھ صارفین کو روزانہ غیرمعینہ مدت تک بجلی سے محروم رہنا پڑے گا۔

اس ادارے کے مطابق یورپ سے بجلی کی درآمد اور گیس کی قلت کے باعث پاور پلانٹس کو لوڈشیڈنگ کی منصوبہ بندی کرنا پڑے گی۔

ذرائع کے مطابق موسم سرما میں برطانیہ کو ایسی صورتحال کا سامنا ہوسکتا ہے جس کا ماضی میں تصور بھی نہیں کیا گیا تھا۔

نیشنل گرڈ کے مطابق موسم سرما کے دوران گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :