شوہر ناشتہ اور کھانا بنانے کے ساتھ پاؤں بھی دباتا ہے: اداکارہ مہر بانو

شوہر بننے سے قبل ہی شاہ رخ کئی سال سے میرے دوست تھے لیکن اس وقت مجھے علم نہ تھا کہ مستقبل میں یہ میرے شوہر ہوں گے: مہربانو—فوٹو: انسٹاگرام
شوہر بننے سے قبل ہی شاہ رخ کئی سال سے میرے دوست تھے لیکن اس وقت مجھے علم نہ تھا کہ مستقبل میں یہ میرے شوہر ہوں گے: مہربانو—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ مہر بانو کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر ان کا بے حد خیال رکھتے ہیں اور کھانا بنانے سمیت ان کے پاؤں بھی دباتے ہیں۔

حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ مہر بانو نے اپنے شریک حیات شاہ رخ کاظم علی کے اعزاز میں ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ شوہر ان کا کیسے خیال رکھتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ' شوہر  بننے سے قبل ہی شاہ رخ کئی سال سے میرے دوست تھے لیکن اس وقت مجھے علم نہ تھا کہ مستقبل میں یہ میرے شوہر ہوں گے، بطور دوست بھی یہ میرا بہت خیال رکھتے تھے، ان کا ساتھ مجھے تحفظ فراہم کرتا تھا لیکن میں اس بات سے لاعلم تھی کہ ہم ایک دوسرے سے محبت کرنے لگے تھے'۔

مہر بانو نے اپنی پوسٹ میں شاہ رخ کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ' شوہر کے طور پر وہ میری توقعات سے بھی زیادہ بہتر ہیں، وہ میرے لیے ناشتہ بناتے ہیں اس کے علاوہ رات کا کھانا بھی بناتے ہیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'جب مجھے تھکن ہوتی ہے تو شاہ رخ میرے پاؤں دباتے ہیں اور پریشانی میں مجھے ہنسانے کی کوششیں کرتے ہیں'۔

مہربانو نے خواتین کو تجویز دی کہ وہ شادی اور اس کے بعد ہونے والے جھگڑوں سے نہ ڈریں، یہ بہت ہی پیارا عمل ہے، وہ خود کو مسائل تک محدود نہ رکھیں۔

شادی سے متعلق اداکارہ نے لکھا کہ 'میرے خیال میں شادی زندگی بھر کا ساتھ ہے، اس میں پریشانیاں، لڑائیاں اور مصیبتیں بہت کم اہم ہوتی ہیں،  اکثر جھگڑے اور مسائل آپ کو یہ سمجھنے میں مدد دیتے ہیں کہ آپ نے شادی کے لیے درست ساتھی کو منتخب کیا'۔

خیال رہے کہ اداکارہ مہر بانو نے رواں برس فروری میں پروڈیوسر شاہ رخ علی کے ساتھ خاموشی سے منگنی کی تھی، بعدازاں ان کی شادی کی تصاویر 10 اکتوبر کو ایک میک اپ آرٹسٹ نے شیئر کیں، 27 اکتوبر کو مہربانو نے شادی  کی تصاویر شیئر کی تھیں۔