بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے کیلئے ورزش کا بہترین وقت جان لیں

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

ورزش ہر ایک کی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے مگر اس کے کرنے کا بہترین وقت کونسا ہوتا ہے؟

اس بات کا تعین کرنا تو آسان نہیں مگر بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں تو دوپہر یا شام کو  ورزش کرنا بہترین ہے۔

یہ بات نیدرلینڈز میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

لائیڈن یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کی اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ دوپہر سے آدھی رات کے درمیان کسی وقت بھی ورزش کرنا انسولین کی مزاحمت کا خطرہ 25 فیصد تک کم کرتا ہے۔

انسولین کی مزاحمت اس وقت ہوتی ہے جب مسلز، چربی اور جگر کے خلیات کو انسولین کے حوالے سے ردعمل میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے جس کے باعث خون میں گلوکوز کی سطح بڑھ جاتی ہے۔

اگر خون میں گلوکوز کی مقدار کو کنٹرول میں نہ رکھا جائے تو وقت گزرنے کے ساتھ ذیابیطس کا سامنا ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں 45 سے 65 سال کی عمر کے افراد کو شامل کیا گیا تھا اور آغاز میں ان کے خون کے نمونوں کے ذریعے بلڈ گلوکوز اور انسولین کی سطح کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

یہ سب سب افراد موٹاپے کے شکار تھے۔

ان افراد کی جسمانی سرگرمیوں کو مانیٹر کرنے کے لیے 4 دنوں تک ٹریکرز پہنا کر رکھے گئے۔

نتائج سے ثابت ہوا کہ دوپہر سے رات کے درمیان جسمانی سرگرمیوں سے جگر میں چربی کی مقدار میں کمی آئی جبکہ انسولین کی مزاحمت بھی گھٹ گئی۔

تحقیق کے مطابق دوپہر یا شام کو ورزش کرنے سے انسولین کی مزاحمت میں 18 سے 25 فیصد تک کمی آتی ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ دن کے مختلف اوقات میں جسمانی سرگرمیاں انسولین کی حساسیت کے حوالے سے مفید ثابت ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مزید تحقیق میں اس بات کا تجزیہ کیا جائے گا کہ ذیابیطس ٹائپ 2 کی روک تھام کے لیے دن میں کس وقت ورزش کرنا بہتر ہوسکتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل Diabetologia میں شائع ہوئے۔