ایچ ای سی کی ویمن ٹیم نے ایشین اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں دو میڈل جیت لیے

فوٹو: ایچ ای سی
فوٹو: ایچ ای سی

ہائر ایجوکیشن کمیشن(ایچ ای سی)  تائیکوانڈو خواتین کی ٹیم نے ایشین اوپن تائیکو انڈو چیمپئن شپ میں چاندی اور کانسی کے تمغےحاصل کرلیے۔ 

پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیر اہتمام لیاقت جمنازیم، پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہونے والی چیمپئن شپ میں 23 ممالک کے 500 سے زائد مرد اور خواتین کھلاڑی، 16 سینیئر اور 5 جونیئر ویٹ کیٹیگریز میں حصہ لے رہے ہیں۔ 

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی پر مبارک باد دی ہے۔ چیمپئن شپ میں کل 6 کھلاڑی ایچ ای سی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ لاہور گیریژن یونیورسٹی کی ملیحہ علی نے خواتین کی انڈر 67 کے جی کیٹیگری میں سلور میڈل اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز، اسلام آباد کی المہ شفان علی زئی نے انڈر 62 کے جی کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

احمد خان ہرال، ڈائریکٹر اسپورٹس، یونیورسٹی آف سرگودھا نے بطور منیجر تائیکوانڈو خواتین ٹیم کی نمائندگی کی۔

چیئرمین  ایچ ای سی نے کہا کہ اس طرح کے بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد کے ذریعے ملک میں کھیلوں کی سیاحت کے مواقع بڑھانے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے ماحولیاتی نظام کو بھی فروغ دیا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر مختار احمد نے ملک کے نوجوانوں کو زندگی کے ہر شعبے میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں پر مبنی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے میں ایچ ای سی کی مسلسل مدد کر رہی ہے۔

مزید خبریں :