دنیا کے امیر ترین شخص نے جسمانی وزن میں 14 کلوگرام کمی لانے کا راز بتادیا

ایلون مسک / رائٹرز فوٹو
ایلون مسک / رائٹرز فوٹو

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک اس وقت صرف ٹوئٹر کے معاملات ہی درست کرنے میں مصروف نہیں بلکہ اپنے جسمانی وزن کو بھی کم کررہے ہیں۔

درحقیقت ایلون مسک نے انکشاف کیا ہے کہ حالیہ مہینوں میں انہوں نے لگ بھگ 14 کلو گرام وزن کم کیا ہے۔

ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ٹوئٹر کے سی ای او نے جسمانی وزن میں کمی لانے کا راز ٹوئٹر پر شیئر کیا۔

کچھ عرصے پہلے ان کی ایک ساحلی مقام میں تصاویر وائرل ہوئی تھیں جس میں ان کی توند نکلی ہوئی تھی۔

یہی وجہ ہے کہ انہوں نے جسمانی وزن میں کمی لانے کا فیصلہ کیا اور اس کے لیے وہ آج کل فاقہ کشی کر رہے ہیں یا یوں کہہ لیں کہ زیادہ وقت خالی پیٹ رہتے ہیں۔

ایک ٹوئٹر صارف کی جانب سے ایلون مسک کی توند نکلی ہوئی تصویر اور ایک حالیہ تصویر کو شیئر کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے کافی وزن کم کرلیا ہے۔

جس پر دنیا کے امیر ترین شخص نے کہا کہ وہ اب تک  جسمانی وزن میں 13.6 کلوگرام کی کمی لاچکے کرچکے ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ اس میں کیسے کامیاب ہوئے تو ایلون مسک نے جسمانی وزن میں کمی کا راز شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ فاقہ کشی، ذیابیطس کی ادویات اور مزیدار غذاؤں کو خود سے دور رکھنے سے انہیں یہ کامیابی حاصل ہوئی۔

جب ایک اور صارف نے پوچھا کہ ذیابیطس کی ادویات کے استعمال کے مضر اثرات جیسے ڈکاروں کا سامنا تو نہیں ہوتا تو انہیں نے کہا ہاں ایسا ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ کچھ ماہ پہلے ایلون مسک نے بتایا تھا کہ اپنے ایک دوست کے مشورے پر انہوں نے وقفے سے کی جانے والی فاقہ کشی کے معمول کو اپنایا، جس کے بعد وہ خود کو صحت مند محسوس کررہے ہیں۔

اس وقت ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اس طریقہ کار سے جسمانی وزن میں 9 کلوگرام کمی لانے میں کامیاب رہے۔

ایک اور صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کچھ وقت ورزش کے لیے بھی نکالتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ ورزش کرنا پسند نہیں کرتے مگر جسمانی سرگرمیاں صحت کے لیے ضروری ہیں۔