7 دہائیوں سے گردن میں گولی پھنسے رہنے کے باوجود صحت مند زندگی گزارنے والا شخص

فوٹو: غیر ملکی میڈیا
فوٹو: غیر ملکی میڈیا

چین میں ایک حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا جہاں 95 سالہ شخص گزشتہ 7 دہائیوں سے گردن میں بندوق کی گولی پھنسے رہنےکے باوجود صحت مند زندگی گزار رہا ہے۔

حیرت کی بات  یہ ہے کہ 77 سال سے گردن میں گولی موجود ہونے کا  اس شخص کو کبھی پتا نہ چلا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق چینی فوجی زاؤ گزشتہ دنوں گھر کی بالکونی سے نیچے گرے ، اسے وقت تو انہیں کوئی درد محسوس نہیں ہوا لیکن بعد ازان گردن میں تکلیف کے باعث گھر والے انہیں  ڈاکٹر کے پاس لے گئے۔

تاہم اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹر نے مریض کا ایکسرے کرانے کا مشورہ دیا۔ایکسرے سے معلوم ہوا کہ زاؤ کی گردن میں بندوق کی ایک پرانی گولی پھنسی ہوئی ہے۔

فوٹو: زاؤ ایکسرے
فوٹو: زاؤ ایکسرے

95 سالہ زاؤ نے ڈاکٹروں کو بتایا کہ میں نے نوعمری میں چینی فوج میں شمولیت اختیار کی تھی اور دو جنگیں لڑیں ، دوسری جنگ عظیم  کے دوران جاپانی فوجیوں کے خلاف جنگ کے دوران مجھے متعدد چوٹیں آئیں لیکن مجھے گردن میں گولی لگنے کے بارے میں کچھ یاد نہیں ہے۔

ان کے مطابق انہیں صرف اتنا یاد ہے کہ 1944 میں جنگ کے دوران ایک زخمی ساتھی کو دریا کے پار لے جاتے ہوئے  وہ شدید زخمی ہوئے  تھے ۔ان کے جسم پر چھروں کے نشانات موجود ہیں۔اس لیے انہوں  نے خود اندازہ لگایا ہے کہ یہ گولی شاید  دریا پار کرتے ہوئے ہی گردن میں لگی تھی۔

زاؤ کا خیال ہے کہ گولی مبینہ طور پر ناک کی  بائیں جانب سے اندر گئی اور  اوپری جبڑے پر  سوراخ کرتی ہوئی گردن میں داخل ہونے سے پہلے دانتوں سے باہر نکل گئی تھی۔ 

ایکسرے کا معائنہ کرنے کے بعد ڈاکٹروں نے زاؤ  اور ان کے اہل خانہ کو بتایا کہ گولی خون کی کچھ بڑی شریانوں کے قریب ہے اور چونکہ اس سے زاؤ کو اب تک کوئی پریشانی نہیں ہوئی اس لیے اسے گردن میں چھوڑ دینا ہی بہتر ہے۔

زاؤ  نے کہا کہ گزشتہ 7 دہائیوں سے صحت مند زندگی گزار رہا ہوں  لہٰذا اب اس گولی کو  نکالنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔