پاکستان
Time 20 نومبر ، 2022

دنیا قطرکی مہمان نوازی کا بہترین تجربہ کریگی، وزیراعظم کا فیفا ورلڈکپ کی میزبانی پر بیان

قطرکے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں: وزیراعظم شہباز شریف کی ٹوئٹ/فوٹوفائل
 قطرکے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں: وزیراعظم شہباز شریف کی ٹوئٹ/فوٹوفائل

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے  فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی پر قطر کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔

ٹوئٹر پر جاری پیغام میں شہباز شریف نے  پاکستان اور عوام کی جانب سے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی پر امیر قطرکو مبارکباد پیش کی اور لکھا کہ قطرکے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ ورلڈکپ کے دوران دنیا قطرکی تاریخ، ثقافت اور مہمان نوازی کا بہترین تجربہ کرے گی۔

دوسری جانب سابق وزیر اعظم عمران خان نے بھی قطر میں فٹبال ورلڈکپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور لکھا کہ فٹبال ورلڈ کپ جو کہ آج سے شروع ہو رہا ہے، کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے قطر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتاہوں۔


پہلا موقع ہے کہ دنیا کے اس سب سے بڑے کھیلوں کےمقابلےکی میزبانی ایک مسلم ملک کر رہا ہے: عمران خان

عمران خان نے لکھا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ دنیا کے اس سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلےکی میزبانی ایک مسلم ملک کر  رہا ہے، حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے لیے ہم نیک تمنائیں اور جذبات رکھتے ہیں۔

 ادھر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی  نے بھی  امیر قطرشیخ تمیم بن حماد الثانی اوردیگر قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قطراسلامی دنیا کا واحد ملک ہے جس میں پہلی بارفٹبال کا عالمی کپ ہورہا ہے، قطرمیں عالمی فٹبال میلے کا انعقاد تمام اسلامی ممالک کے لیے اہم سنگ میل ہے۔

فٹبال ورلڈکپ کی سکیورٹی ذمہ داری پاکستان کوتقویض کرنے پردلی مسرت ہوئی: چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ فٹبال ورلڈکپ کا انعقاد ناصرف قطربلکہ پوری اُمت مسلمہ  کے لیے باعث فخرہے، قطرکی ترقی کا شاندارعمل دیگراسلامی ممالک کے لیے بھی قابل تقلید ہے، فیفا ورلڈکپ جیسے بڑے ایونٹ کا انعقاد قطرکی ترقی اور خوشحالی کا مظہر ہے اور  پاکستانی قوم اور قیادت قطر میں عالمی ایونٹ کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

 انھوں نے مزید کہا کہ فٹبال ورلڈکپ کی سکیورٹی کی ذمہ داری پاکستان کو تفویض کرنے پر دلی مسرت ہوئی، اس سےقطر اور پاکستان کے ایک دوسرے پر اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے۔

مزید خبریں :