دنیا
Time 20 نومبر ، 2022

اکاؤنٹ بحال ہونےکے بعد ٹرمپ کا ٹوئٹر سے عدم دلچسپی کا اظہار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے سابق  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ بحال کر دیا ہے تاہم ایسا لگتا ہےکہ اب انہیں مذکورہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم  میں کوئی دلچسپی نہیں ۔

ایلون مسک نے گزشتہ روز ٹوئٹر صارفین سے پوچھا تھا کہ آیا ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹوئٹر پر واپس لانا چاہیے یا نہیں؟ جس پر پول میں شریک 52 فیصد صارفین نے ٹرم کا اکاؤنٹ بحال کرنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

صارفین کی رائےکے بعد  ایلون مسک نے ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال کر دیا ہے جس کی اطلاع ایلون مسک نے ٹوئٹ پر ہی دی۔

انہوں نے بتایا کہ 134 ملین لوگوں نے ٹرمپ کے حوالے سے پول کو دیکھا اور 52 فیصد نے ان کا اکاؤنٹ بحال کرنے کے حق میں فیصلہ دیا۔

دوسری جانب سابق امریکی صدر نے اب تک ٹوئٹر سے عدم دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

 امریکی شہر لاس ویگاس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں نے سنا ہے کہ میری ٹوئٹر پر واپسی کے لیے پول میں  بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے گئے ہیں لیکن مجھے ٹوئٹر پر واپسی کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اپنا نیا پلیٹ فارم ’ٹرتھ سوشل‘ استعمال کرنا جاری رکھیں گے،  ٹوئٹر کے مقابلے میں یہاں بہتر صارفین ہیں اور یہ پلیٹ فارم بہت اچھا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ  یہ ایپ ان کے ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ (ٹی ایم ٹی جی) نے تیار کیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدر کی حیثیت سے ٹوئٹر پر بہت زیادہ فعال تھے، وہ ٹوئٹر کو اپنی رائے،  حکومتی فیصلوں کے اعلان اور  مخالفین پر  تنقید کرنے کے لیے باقاعدگی سے استعمال کرتے تھے۔

6 جنوری 2021 کو ان  کے اکاؤنٹ کو اشتعال انگیز ٹوئٹ کی وجہ سے بند کردیا گیا تھا، اس وقت ان کے فالوورز کی تعداد 8 کروڑ 80 لاکھ کے قریب تھی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ان کی جانب سے ایک بار پھر صدارتی عہدے کی دوڑ میں حصہ لینے کے اعلان کے چند روز بعد بحال کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :