دنیا
Time 24 نومبر ، 2022

یوکرین پر پے در پے روسی میزائل حملوں کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک، بجلی کا نظام تباہ

فوٹو: شٹر اسٹاک
فوٹو: شٹر اسٹاک

یوکرین پر روس کی جانب سے پے در پے میزائل حملوں کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ  پاور اسٹیشنز  پر حملوں کے نتیجے میں دارالخلافہ کیف اور اوڈیسا سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے کے دوران روس کی جانب سے لگاتار میزائل حملوں میں اہم یوکرینی تنصیبات سمیت پاور اسٹیشز کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے، حالیہ حملوں کے نتیجے میں دارالخلافہ کیف سمیت کئی اہم یوکرینی شہر بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب یوکرینی دارالخلافہ کے قریبی شہر ویشارڈ میں اپارٹمنٹ بلاک تباہ ہو گیا ہے جہاں فائر فائٹرز اور امدادی رضاکاروں کی جانب سے متاثرین کے ریسکیو کرنے کی کوششیں جا ری ہیں۔

یوکرینی نیشنل پولیس کا کہنا ہے کہ یوکرین کے مختلف شہروں پر آج ہونے والے روسی حملوں کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 36 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

نیشنل پولیس کے مطابق حملوں کے نتیجے میں 16 اہم تنصیبات اور رہائشی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ یوکرین کے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔

یوکرینی ائیر فورس کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے داغے گئے 70 کروز میزائلوں میں سے 50 کو تباہ کر دیا گیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کے ڈپٹی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ روسی حملوں کے نتیجے میں مالدووا کے اطراف میں آدھے سے زیادہ علاقے بجلے سے محروم ہو گئے ہیں جبکہ تین یوکرینی پاور اسٹیشنز، بجلی کے قومی نیٹورک سے کٹ گئے ہیں۔

یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روس کی جانب سے پورے ملک پر ایک ساتھ حملہ کر دیا گیا ہے، یوکرین کے ڈپٹی ہیلتھ منسٹر کا کہنا ہے کہ آج پورا ملک حملے کی زد میں ہے اور پہلے بھی ہم دارالخلافہ کیف اور دیگر شہروں پر حملے دیکھ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حملوں کا سلسلہ ابھی تک تھما نہیں ہے اس لیے ہونے والے نقصانات کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا تاہم کچھ گھنٹوں میں صورتحال واضح ہو جائے گی۔

یوکرینی ڈپٹی ہیلتھ منسٹر کا کہنا تھا کہ اب تک تمام زخمیوں کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے جبکہ ساتھ ہی خصوصی ایمرجنسی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں تاکہ  زاپروژیا شہر کی دیگر اسپتالوں میں بھی زخمیوں کی  منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں روسی حملوں کے نتیجے میں1000 سے زائد طبی مراکز کو  نقصان پہنچا ہے جبکہ 143 طبی مراکز مکمل تباہ ہو گئے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ریجنل ڈائریکٹر برائے یورپ ڈاکٹر ہنس کلوج نے خبردار کیا ہے کہ یوکرینی تنصیبات پر روسی حملے یوکرین میں انسانی المیے کو جنم دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بغیر اسپتالیں اپنا کام جاری نہیں رکھ سکتی، میٹرنٹی یونٹس کو انکوبیٹرز، ویکسین ڈیپو کو ریفرجریٹرز کی ضرورت ہوتی ہے اور سرجری کیلئے بھی بجلی کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم  دیکھ رہے ہیں کہ 50 فیصد سویلین انرجی تنصیبات کو تباہ کر دیا گیا ہے، اب موسم کی تبدیلی اور درجہ حرارت میں مائنس 20 ڈگری کمی کے بعد یوکرین میں صورتحال سنگین شکل اختیار کر سکتی ہے۔ 

مزید خبریں :