پاکستان
Time 24 نومبر ، 2022

آرمی چیف کی تعیناتی:ایوان صدر ساڑھے چھ سے 7 بجے کے دوران آفیشل ہینڈ آؤٹ جاری کریگا: فواد

عارف علوی سے عمران خان کی 45 منٹ تک ملاقات ہوئی، ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا: رہنما تحریک انصاف— فوٹو: فائل
عارف علوی سے عمران خان کی 45 منٹ تک ملاقات ہوئی، ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا: رہنما تحریک انصاف— فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی سے عمران خان کی زمان پارک لاہور میں 45 منٹ تک ملاقات ہوئی۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ ملاقات کے بعد صدر عارف علوی واپس اسلام آباد روانہ ہوچکے ہیں، تمام معاملات آئین اور قانون کے مطابق ہوں گے، ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے ایوان صدر ساڑھے چھ سے 7 بجے کے دوران آفیشل ہینڈ آؤٹ جاری کرے گا اور یہ اعلان صدر عارف علوی اور عمران خان کی ملاقات کی روشنی میں ہی ہوگا۔

خیال رہے کہ حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو نیا آرمی چیف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے ایس سی) بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا کہ وزیراعظم نے اپنا آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو نیا آرمی چیف اور لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے سمری صدر مملک کو بھیج دی گئی ہے جنہیں اس کی توثیق کرنی ہے البتہ گزشتہ روز عمران خان یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر صدر مملکت کے ساتھ مل کر آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے کھیلیں گے۔

ادھر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہےکہ اگر صدر نے اہم تقرریوں میں رکاوٹ ڈالی تو ہمارےے پاس پلان بی موجود ہے۔

ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں عہدوں پر میرٹ پر تعیناتی کا فیصلہ قابل تعریف ہے، اللہ نئی ذمہ داریاں سنبھالنے والوں پر رحمت فرمائے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے دو اہم عہدوں پر تقرریاں 28 نومبر تک ہوجائیں گی، اگرصدر نے تقرریوں میں رکاوٹ ڈالی تو ہمارے پاس پلان بی بھی موجود ہے۔

مزید خبریں :