کھیل
Time 30 نومبر ، 2022

ایران کے فٹبال ورلڈکپ سے باہر ہونے پر جشن منانے والے شخص کو قتل کر دیا گیا

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

ایرانی ٹیم  کے فٹبال ورلڈکپ سے باہر ہونے پر جشن منانے والے شخص کو قتل کر دیا گیا ۔

منگل کی رات کو  قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ میں گروپ بی کے میچ میں امریکا نے ایران کو ایک صفر سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔امریکا سے شکست کے بعد ایران فیفا ورلڈکپ سے باہر ہوگیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ٹیم کی ہار پر ایران میں حکومت مخالف مظاہرین نے ورلڈکپ سے قومی فٹ بال ٹیم کے باہر ہونے پر جشن منایا۔

ٹیم کی شکست کا جشن منانے والوں میں سے ایک شخص کو ایرانی سکیورٹی فورسز نے مبینہ طور پرگولی مار کر ہلاک کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق مہران سمک نامی شخص کو منگل کی رات کو شہر بندر انزالی میں سر میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا جب وہ ٹیم کی ہار کا جشن مناتے ہوئے گاڑی کا ہارن بجا رہا تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق دوسرے شہروں میں بھی ایران کی شکست پر ملک کی سڑکوں پر مظاہرین کو خوشی اور رقص کرتے دیکھا گیا۔بہت سے ایرانیوں نے فٹبال ورلڈکپ میں اپنی ٹیم کی حمایت کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ ایران میں زیر حراست لڑکی کی موت کے خلاف 17 ستمبر سے مظاہرے جاری ہیں۔

حجاب قانون کی خلاف ورزی پر 13 ستمبر کو گرفتار ہونے والی 22 سالہ مہسا امینی مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے 16 ستمبرکو انتقال کر گئی تھی۔

 ایران میں زیر حراست لڑکی کی موت کے خلاف سراپا احتجاج مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایران کی فٹبال ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں اپنا قومی ترانا نہیں پڑھا تھا۔

ایرانی انسانی حقوق گروپ کے مطابق 17ستمبرسےجاری مظاہروں میں 378 مظاہرین ہلاک ہوچکے ہیں جن میں47 بچے بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں :