ڈیانا کے اسلام قبول کرنے سے متعلق سین کو فلمانے کے باوجود نشر نہیں کیا گیا: ہمایوں کا انکشاف

اس سین میں لیڈی ڈیانا ڈاکٹر حسنات کو رو رو کر بتارہی تھی کہ وہ ان کے لیے اسلام قبول کرلیں گی :ہمایوں سعید کی گفتگو/فوٹوفائل
اس سین میں لیڈی ڈیانا ڈاکٹر حسنات کو رو رو کر بتارہی تھی کہ وہ ان کے لیے اسلام قبول کرلیں گی :ہمایوں سعید کی گفتگو/فوٹوفائل

پاکستان کے معروف اداکار اور نیٹ فلکس کی معروف ویب سیریز دی کراؤن کی مرکزی کاسٹ میں شامل ہمایوں سعید نے انکشاف کیا ہے کہ لیڈی ڈیانا کے اسلام قبول کرنے سے متعلق سین کو فلمانے کے باوجود نشر نہیں کیا گیا۔

نجی میڈیا سے گفتگو کے دوران ہمایوں سعید نے دی کراؤن سیریز کے پانچویں سیزن میں ڈاکٹر حسنات کا کردار نبھانے سے متعلق گفتگو کی۔

ایک سوال کے جواب میں ہمایوں سعید نے بتایا کہ سیریز کے تمام سین میں سے ایک سین کو فلمانے کے باوجود کاٹ دیا گیا، یہ سین لیڈی ڈیانا کے اسلام قبول کرنے سے متعلق تھا۔

ہمایوں سعید کے مطابق اس سین میں  لیڈی  ڈیانا ڈاکٹر حسنات کو رو رو کر بتا رہی تھیں کہ وہ ان کے لیے اسلام قبول کرنا چاہتی ہیں لیکن اس سین کو  قسط کا  دورانیہ زیادہ ہونے کی وجہ سے بعد میں کاٹ دیا گیا جس کا مجھے افسوس ہے کیونکہ میرے لحاظ سے یہ بہت اہم سین تھا۔

واضح رہے سینئر اداکار ہمایوں سعید نے شاہی خاندان پر بننے والی سیریز دی کراؤن کے پانچویں سیزن میں ڈاکٹر حسنات کا کردار نبھایا ہے، اس سیریز میں ہمایوں کے ڈیبیو پر انھیں خاصی پذیرائی بھی حاصل ہوئی ہے۔

مزید خبریں :