Time 06 دسمبر ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

فون چارج کرنے کے دوران کی جانے والی یہ غلطیاں بیٹری لائف کم کرسکتی ہیں

ان غلطیوں سے بچ کر بیٹری لائف کو بہتر کرنا ممکن ہے / فائل فوٹو
ان غلطیوں سے بچ کر بیٹری لائف کو بہتر کرنا ممکن ہے / فائل فوٹو

ہوسکتا ہے کہ آپ کو علم نہ ہو مگر جس طریقے سے آپ اپنے اسمارٹ فون کو چارج کرتے ہیں وہ بہت اہمیت رکھتا ہے۔

اسمارٹ فونز صارفین جس بات سے سب سے زیادہ پریشان رہتے ہیں وہ بیٹری کا جلد ختم ہونا ہوتا ہے۔

زیادہ تر صارفین فون چارج کرتے ہوئے چند عام غلطیاں کرتے ہیں جس سے ڈیوائس کو بتدریج نقصان پہنچتا ہے۔

اگر آپ اپنے فون کی بیٹری بلکہ ڈیوائس کو ہی زیادہ طویل عرصے تک چلانا چاہتے ہیں تو ان غلطیوں سے گریز کریں۔

آفیشل چارجر کا استعمال نہ کرنا

اسمارٹ فون کے لیے نامعلوم کمپنیوں کے تیار کردہ چارجر استعمال کرنا سب سے بڑی غلطی ہے اور بہت زیادہ عام بھی ہے۔

ویسے تو زیادہ تر کمپنیوں کے فونز کے ساتھ چارجر اور کیبل دیے جاتے ہیں تاہم اگر ساتھ نہیں دیے گئے تو بھی آپ کسی مستند آفیشل ریٹیلر سے چارجر خرید سکتے ہیں۔

چارجر کے ساتھ ساتھ کیبل بھی اوریجنل استعمال کرنا ضروری ہے کیونکہ یہ دونوں ہی بجلی کی کسی خرابی پر فون کو اندر سے نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

رات بھر چارجنگ کرنا

فون کو مکمل چارج ہونے کے بعد بھی پوری رات کے لیے چارجر پر لگا رہنے دینا طویل المیعاد بنیادوں پر بیٹری کے لیے تباہ کن ثابت ہوتا ہے۔

جب ہمارا اسمارٹ فون سو فیصد چارج ہوجاتا ہے اور پھر بھی چارجر پر لگا رہے تو بیٹری پر اسٹریس بڑھ جاتا ہے یا یوں کہہ لیں کہ وہ بہت زیادہ دباؤ کی زد میں آجاتی ہے جس کے نتیجے میں طویل المعیاد بنیادوں پر اس کی زندگی متاثر ہوتی ہے۔

بیٹری کو ختم ہونے کے قریب چارج کرنا

جیسے 100 فیصد بیٹری چارج کرنا نقصان دہ ہوتا ہے اسی طرح 0 بلکہ 5 فیصد رہ جانے پر بیٹری چارج کرنا بھی اچھی عادت نہیں۔

ایسا کرنے سے بھی بیٹری پر دباؤ بڑھتا ہے اور اس کی زندگی بہت جلد ختم ہوجاتی ہے۔

چارجر کو پاور ساکٹ سے نہ نکالنا

پاور ساکٹ میں لگا چارجر مسلسل بجلی کو کھینچ رہا ہوتا ہے چاہے فون منسلک نہ بھی ہو، جس سے بل میں تو شاید معمولی اضافہ ہوتا ہے مگر وہ بتدریج گرم ہونے لگتا ہے، جس سے شارٹ سرکٹ کا خطرہ بڑھتا ہے جبکہ فون کو اندر سے بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

چارجنگ کے دوران فون کا استعمال

جب فون چارج ہورہا ہو تو اسے استعمال مت کریں کیونکہ بیک وقت 2 کام کرنے سے بیٹری پر دباؤ بڑھتا ہے۔

اگر کوئی ضروری فون آرہا ہے تو ڈیوائس کو چارجر سے نکال کر بات کریں اور پھر دوبارہ چارج پر لگائیں۔

چارجنگ کے دوران فون کیس نہ ہٹانا

بیٹری لائف کے لیے زیادہ حرارت نقصان دہ ہوتی ہے اور اگر آپ چارجنگ کے دوران فون کیس نہیں ہٹاتے، تو یہ حرارت ڈیوائس میں اکٹھی ہونے لگتی ہے۔

اس سے بیٹری اور فون کے اندرونی حصے گرم ہوجاتے ہیں، تو چارجنگ سے پہلے کیس کو ہٹا کر بیٹری کو 'سانس' لینے دیں۔

مزید خبریں :