پاکستان
Time 07 دسمبر ، 2022

عمران خان بار بار جس کا تذکرہ کرتے ہیں وہ ’ڈرٹی ہیری‘ اصل میں کون ہے؟

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے حالیہ مہینوں میں مختلف تقاریر کے دوران اکثر ڈرٹی ہیری کا نام لیا گیا۔

یہ نام سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بھی رہا۔

مگر یہ نام کہاں سے سامنے آیا ہے اور اس میں ایسی کیا خاص بات تھی جو عمران خان اس کا استعمال کرتے ہیں؟

اس کے جواب کے لیے 5 دہائی پیچھے جانا ہوگا کیونکہ یہ نام 1970 کی دہائی میں مقبول ہوا تھا۔

اگر آپ فلمیں دیکھنا پسند کرتے ہیں خاص طور پر ہالی وڈ فلمیں تو ہوسکتا ہے کہ اس نام سے آشنائی ہو۔

جی ہاں یہ ہالی وڈ کی ایک مشہور فلم کا نام ہے جو 1971 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس میں کلنٹ ایسٹ وڈ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

ڈرٹی ہیری کون تھا؟

کلنٹ ایسٹ وڈ نے یہ کردار ادا کیا تھا / اسکرین شاٹ
کلنٹ ایسٹ وڈ نے یہ کردار ادا کیا تھا / اسکرین شاٹ

اس فلم میں کلنٹ ایسٹ وڈ ہیری کیلان کے کردار میں نظر آئے۔

ہیری ایک سخت گیر پولیس اہلکار تھا جو مجرموں کو قرار واقعی سزا دینا پسند کرتا تھا اور اس مقصد کے لیے قانون شکنی کرنے سے بھی گریز نہیں کرتا تھا۔

فلم میں اسے ایک سیریل کلر کو پکڑنے کا کام دیا گیا تھا جس کے دوران قوانین کی پروا کیے بغیر وہ مجرموں کو مارتا رہا۔

اس فلم میں کئی مواقعوں پر مرکزی کردار نے ڈرٹی ہیری کی عرفیت کی وضاحت کی۔

ایک موقع پر جب اس کے ساتھی پولیس افسر نے ساتھیوں سے اس عرفیت کی وجہ پوچھی تو ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ 'ہمارے ہیری کی ایک خاص بات ہے وہ کسی کو پسند نہیں کرتا بلکہ وہ سب سے نفرت کرتا ہے'۔

جب یہی سوال ہیری سے پوچھا گیا تو اس کا کہنا تھا کہ 'مجھے ڈرٹی ہیری اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ ہر گندہ کام میرے ذمے لگایا جاتا ہے'۔

اینٹی ہیرو پولیس افسر کی یہ فلم اتنی مقبول ہوئی کہ اس کے بعد مزید 4 حصے ریلیز کیے گئے۔

بظاہر عمران خان کی تقاریر میں ڈرٹی ہیری کا استعمال کلنٹ ایسٹ وڈ کے کردار جیسے رویے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

یعنی ڈرٹی ہیری سے مراد ایسا قانون نافذ کرنے والا اہلکار ہوتا ہے جسے پالیسیوں کی پروا نہیں ہوتی بلکہ طاقت کے استعمال کو ترجیح دیتا ہے اور ہر طرح کے کام کے لیے تیار رہتا ہے۔

مزید خبریں :