پاکستان
Time 08 دسمبر ، 2022

آزادکشمیر بلدیاتی انتخابات : میرپور میونسپل کارپوریشن میں پی ٹی آئی کو برتری

فوٹو: آن لائن
فوٹو: آن لائن

آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پولنگ کے بعد نتائج آنےکا سلسلہ جاری ہے اور سیاسی جماعتوں میں سخت مقابلہ ہے۔

 بلدیاتی الیکشن کے تیسرے مرحلے میں میرپور،کوٹلی اوربھمبر میں انتخابات ہوئے، پولنگ کےدوران کہیں ہاتھا پائی ،کہیں تلخ کلامی اور کہیں دھکم پیل ہوئی۔

میرپور میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکن لڑپڑے، بھمبرمیں بلدیاتی امیدوار کے حامیوں اور  پریزائیڈنگ افسر میں تلخ کلامی کے بعد کشیدگی ہوگئی جس کے بعد تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا،کوٹلی میں بھی سیاسی جماعتوں کےکارکن آمنے سامنے آگئے۔

میر پور ڈویژن کے تینوں اضلاع میں 31 سال بعد ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں شہری پرجوش نظر آئے، بزرگ شہری بھی ووٹ ڈالنے آئے۔

ابتدائی اور غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق  میرپور میونسپل کارپوریشن پر سخت مقابلہ ہے، پی ٹی آئی 17 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے، مسلم لیگ ن 11 نشستوں پر کام یاب ہوئی ہے جب کہ پیپلز پارٹی کو بھی 2 نشستیں مل گئیں، 11 آزاد امیدوار بھی کام یاب ہوئے۔

میونسپل کمیٹیوں کی 49 میں سے 43 نشستوں کے غیرحتمی، غیر سرکاری نتائج کے مطابق 18 نشستوں پر آزاد امیدوار جیت گئے، پی ٹی آئی کی 10 اور مسلم لیگ ن کی 8 نشستیں ہیں، پیپلز پارٹی 6 نشستیں حاصل کر چکی ہے۔

ٹاؤن کمیٹیوں کی 9 میں سے 8 نشستوں کے نتائج آ گئے، 5 نشستیں آزاد امیدواروں نے جیت لیں، مسلم لیگ ن کی 2 نشستیں اور مسلم کانفرنس کی ایک نشست ہے، پی ٹی آئی کو کوئی نشست نہ مل سکی۔

مزید خبریں :