پاکستان
Time 11 دسمبر ، 2022

نئی رجیم کو خدا کا واسطہ ملک کا سوچیں، قوم اور فوج الگ نہیں اکٹھے چلتے ہیں: عمران

اب جو نئی رجیم آئی ہے، ان کو خدا کا واسطہ ہے ملک کا سوچیں، قوم اور فوج اکھٹے چلتے ہیں، علیحدہ علیحدہ نہیں چلتے، سابق وزیراعظم— فوٹو: فائل
اب جو نئی رجیم آئی ہے، ان کو خدا کا واسطہ ہے ملک کا سوچیں، قوم اور فوج اکھٹے چلتے ہیں، علیحدہ علیحدہ نہیں چلتے، سابق وزیراعظم— فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم عمران خان نے اب نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے امیدیں لگالیں۔

ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ اب جو نئی رجیم آئی ہے، ان کو خدا کا واسطہ ہے ملک کا سوچیں، قوم اور فوج اکھٹے چلتے ہیں، علیحدہ علیحدہ نہیں چلتے۔

ان کا کہنا تھاکہ نیا آرمی چیف آیا ہے ان کو وقت دینا چاہیے، جنرل عاصم منیر کی بڑی تعریفیں سُنی ہیں، وہ حافظ قرآن ہیں، امید کرتا ہوں جنرل عاصم امربالمعروف پرچلیں گے، ملک میں بڑے چور کو چھوڑ دیا جاتا ہے، چھوٹے چور کو سزا دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک معاشی تباہی کی طرف جا رہا ہے، ڈیفالٹ کا خطرہ 100 فیصد تک پہنچ گیا ہے، قومی سلامتی کے ادارے دیکھیں کہ ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟

سابق وزیراعظم نے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ پر نیا الزام بھی لگا دیا اور کہاکہ باجوہ کے دور میں تحریک انصاف سے کھلی دشمنی کی گئی، سارے ملک کو پتا ہے جنرل باجوہ نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو این آر او 2 دیا، پہلے مریم بچ گئیں پھر اسحاق ڈار ڈرائی کلین ہو گئے اور اب سلیمان شہباز ڈرائی کلین ہوں گے۔

گھڑی کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھاکہ دنیا میری ذاتی گھڑی کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، میری ذاتی گھڑی ہے میں اسے بیچوں یا جومرضی ہے کروں، اصل مسئلہ معیشت ہے، اس پر کوئی بات نہیں کررہا، اس پر سب سناٹے میں ہیں، اپنی گھڑی بیچی اس پر شور مچ گیا۔

مزید خبریں :