19 جنوری ، 2023
اداکار منیب بٹ نے اہلیہ اداکارہ ایمن خان اور ان کی بہن منال خان کے گھر کا پتا اور موبائل نمبر انٹرنیٹ پر لیک کرنے پر فیروز خان کے خلاف سائبر کرائم میں شکایت درج کرادی۔
منیب نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ انہوں نے ایمن اور منال کی ذاتی معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے باعث فیروز کے خلاف شکایت درج کروائی اور مطالبہ کیا کہ فیروز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
منیب نے لکھا کہ ' پہلے قانونی نوٹس کو انسٹاگرام پر شیئر کرکے میری فیملی کی معلومات سوشل میڈیا پر لیک کیں اور پھر اسمارٹ بننے کے لیے پوسٹ ڈیلیٹ کی، میرے دوست جس نے بھی آپ کو ایسا کرنے کا مشورہ دیا اس نے آپ کو ایک سنگین مصیبت میں ڈال دیا، اب نتیجہ بھگتو'۔
اداکار نے لکھا 'شروعات میں سمجھا کہ شاید یہ کوئی بیوقوفانہ غلطی ہے لیکن 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود کوئی معافی نا مانگنے پر یقین ہوگیا کہ یہ جان بوجھ کر اٹھایا گیا قدم تھا'۔
'آپ کے کیس سے آپ کے وکیل یوٹیوب سبسکرائبرز بڑھا رہے ہیں'
منیب بٹ نے فیروز خان کو وکیل تبدیل کرنے کا بھی مشورہ دیا، انہوں نے فیروز کے وکیل کے یوٹیوب چینل کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور لکھا 'ایڈووکیٹ صاحب اپنے یوٹیوب سبسکرائبرز میں اضافہ کررہے ہیں، یہ کیس اس وقت تک چلتا رہے گا جب تک یہ یوٹیوب کی جانب سے سلور بٹن نہیں حاصل کرلیتے'۔
دوسری جانب فرحان سعید نے فیروز کو تین دن کی مہلت دی ہے اور کہا ہے کہ اگر انہوں نے عوامی سطح پر معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔
گزشتہ روز ایمن خان اور منال خان نے بھی اعلان کیا تھا کہ وہ فیروز کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی کیونکہ ان کی اس حرکت سے انہیں ذہنی تناؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
اس کے علاوہ دونوں بہنوں نے کچھ اسکرین شاٹس بھی شیئر کیے جس میں پیغامات بھیجنے والے افراد کہہ رہے ہیں کہ انہیں فیروز کی پوسٹ سے نمبر ملا۔